خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… غزہ میڈیا آفس کے مطابق، اسرائیل نے غزہ میں خان یونس اور رفح میں حملے کیے ان حملوں میں اسرائیلی فوج نے دو ہسپتالوں، سکول اور درجنوں گھروں کو نشانہ بنایا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ شہر کے شمال میں سوموار کی صبح اسرائیلی بمباری میں ۳۳؍فلسطینی شہید اور متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں کئی گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ میں طبی سہولیات محدود ہیں اور علاقے میں کوئی ہسپتال مکمل طور پر فعال نہیں ہے۔
٭… سپین میں فلو اور کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد ہسپتالوں اور تمام طبی مراکز میں ماسک پہننے کی پابندی لازمی کر دی گئی۔ ہسپانوی وزیر صحت مونیکا گارشیا کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے طبی مراکز میں ماسک پہننا لازمی کر دیا گیا ہے، کمزور افراد کی حفاظت کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔حکومتی اعلان کے بعد سپین کے ہسپتالوں، طبی مراکز، کلینک اور فارمیسیز میں ماسک پہننے کی پابندی ہوگی۔
٭… پوپ فرانسس نے ویٹیکن میں سفارت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے سروگیسی کو خواتین اور بچوں کے وقار کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس پر دنیا بھر میں پابندی عائد کرنے پر زور دیا ہے۔پوپ فرانسس نے سروگیسی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سروگیسی کے ذریعے بچوں کی پیدائش افسوس ناک ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ماں کی مالی حالات کے استحصال پر مبنی یہ عمل عورت اور بچوں کے وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔مجھے امید ہے کہ عالمی سطح پر اس عمل کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے کوشش کی جائے گی۔
٭… بھارت کے کئی شہروں میں سخت سردی اور دھند کی صورتحال برقرار ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے دہلی میں فضائی، ٹرین اور روڈ کا سفر شدید متاثر ہوا۔بھارتی محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران بھی موسم کی صورتحال اسی طرح برقرار رہنے کا امکان ہے۔