پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ تنزانیہ 2019ء کے موقع پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

اس پیغام کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

پیارے احباب ِجماعت احمدیہ تنزانیہ

السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ

مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ 27، 28 اور 29 ستمبر 2019ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو عظیم کامیابیوں سے نوازے ، تمام شاملینِ جلسہ روحانی برکات سے حصہ پائیں اور آپ سب نیکی، اخلاص اور تقویٰ میں ترقی کرتے چلے جائیں۔آمین

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سلسلہ ٔبیعت میں داخل ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ کی ہمیں عطا کردہ نعمتوں اور برکتوں میں سے ایک عظیم نعمت یہ اجتماع ہے جسے ہم جلسہ سالانہ کا نام دیتے ہیں۔ اس اجتماع سے ہمیں اپنے روحانی اور اخلاقی معیار بلند کرنے، اپنے دلوں کو صاف کرنے، اپنے علم کو بڑھانے اور اسی طرح حقوق اللہ اور حقوق العباد کو ادا کرنے کا منفرد موقع ملتا ہے جس سے ہم تقویٰ میں ترقی کرتے ہیں۔

ان تین دنوں کے دوران ہمیں دنیا کی محبت بکلی چھوڑ کر خدا تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو ترجیح دینا ہوگی اور اپنے خالق کاحاصل کرنے کی کوشش کرنی ہو گی۔

اس لیے ہر ایک فرد جو اس جلسہ میں شامل ہورہا ہے خواہ وہ مرد ہو یا عورت یہ بات ذہن نشین رکھے کہ جلسہ کا مقصد رضائے الہٰی کا حصول ہے۔ اور یہی جلسہ میں شامل ہونے کے لیے آپ کی خالص نیت ہو ۔آپ جلسہ میں شامل ہوکر تقویٰ میں ترقی کرنے کی کوشش کریں اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسروں کے حقوق کی اداکرنے کی کوشش کریں۔ اگر یہ سوچ نہیں تو جلسہ میں شامل ہونا بالکل بے فائدہ ہوگا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے احمدیوں کو نیک رویہ دکھانے اور اعمال صالحہ بجالانے کی طرف توجہ دلانے کےلیے دنیا کے کونے کونے میں ہمارے جلسے منعقد ہورہے ہیں ۔ ایک خاص روحانی ماحول ہمارے لیے بنایا جاتا ہے تاکہ ہمارے ہر ایک عمل سے خدا تعالیٰ کی رضا ظاہر ہو۔ اس مقصد کے حصول کے لیے حضر ت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایک مرتبہ فرمایا:

یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ کے خالص بندے صرف وہی لوگ ہیں جن کے بارہ میں خود فرماتا ہے:

لَا تُلْھِیْھِمْ تِجَارَۃٌ وَّ لَا بَیْعٌ عَنْ ذِکْرِ اللّٰہِ

نہ تجارت اور نہ ہی خرید و فروخت انہیں اللہ کے ذکر سے پھیر سکتی ہے۔(سورۃ النور آیت 38)

اس لیے اللہ کو خوب یاد کرو اور جلسہ کی کارروائی کے دوران ، وقفہ میں اور رات کو دعائیں کرو۔ ایک پختہ عہد باندھو کہ ‘‘اے اللہ ہم نیک نیتی کے ساتھ اس جلسہ میں شامل ہورہے ہیں جس کا قیام تیری خاص تائید و منشاء کے موافق ہوا ہے۔ ہم تیری رضا حاصل کرنے ، بکثرت تیرا ذکر کرنے اور تیری محبت حاصل کرنے کے لیے اس جلسہ میں شامل ہورہے ہیں ۔ ہمیں ان تمام برکتوں میں سے حصہ دے جو تو نے اس جلسہ کے ساتھ رکھی ہوئی ہیں اور ہم میں وہ پاک تبدیلی پیدا کر جو تو چاہتا ہے، جس کے لیے تو نے حضرت رسول کریم ﷺ کے عاشق صادق کو اس دنیا میں بھیجا تا کہ ہم صدقِ دل کے ساتھ اس کے عہدِ بیعت میں شامل ہوسکیں۔’’

جلسہ کے ان تین دنوں کے بعد آپ کو دنیاوی معاملات کی طرف لوٹنا ہوگا۔ تاہم، جلسہ میں شامل ہونا آپ کیلیے تب ہی فائدہ مند ہوسکتا ہے اگر دین کو دنیا پر مقد م کرتے چلے جائیںگے۔ ہر حال میں دین کو ترجیح دینی ہوگی اور ہمیشہ یہ یاد رکھنا ہوگا کہ ہر احمدی کے چہرہ کے پیچھے احمدیت کی ، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اور اسلام کی عزت ہے۔

اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیمات پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے جلسہ کو بے شمار کامیابیوں سے نوازے اور آپ سب کو اس کی کارروائی سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بیعت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطافرمائے ، آپ ہمیشہ خلافت احمدیہ کے مطیع و فرمانبردار رہیں اور اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائے جو نیکی ، تقویٰ اور اسلام اور بنی نوع انسان کی خدمت میں بڑھانے والی ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے۔

والسلام

خاکسار

(دستخط) مرزا مسرور احمد

خلیفة المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button