فارسی ڈیسک کینیڈا کے زیر اہتمام بین المذاہب اجتماع کا انعقاد
۷؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو کینیڈا میں فارسی ڈیسک نے فارسی زبان میں ایک بین المذاہب اجتماع کا اہتمام کیا، جس کا موضوع تھا ’’صلح و ہم آہنگی بین المذاہب‘‘۔ یہ کینیڈا کی جماعت کی طرف سے فارسی کمیونٹی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والا پہلا پروگرام ہے جو ایک اہم سنگ میل تھا۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار (انچارج فارسی ڈیسک کینیڈا) نے افتتاحی کلمات کہے۔
سسکاٹون میں افغان کمیونٹی کے صدر سلطان علی سادات نے جماعت احمدیہ کے بین الاقوامی اتحاد کو فروغ دینے کے اقدامات کی تعریف کی جس میں احمدی اور افغان نوجوانوں کے درمیان دوستانہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد کے ذریعے پائیدار دوستی کو فروغ دینا شامل تھا۔
کاشف علی صاحب مربی سلسلہ و انچارج فارسی ڈیسک مرکزیہ نے برطانیہ سے اس تقریب میں آن لائن شرکت کی۔ انہوں نے شاملین کو اسلام احمدیت کی بنیادی تعلیمات سے آگاہ کیا اور اسلامی دنیا میں بے چینی اور فسادات کے حل کے لیے اللہ تعالیٰ کے فرستادے کی صلح اور محبت کی تعلیم کو پیش کیا اور حقیقی اسلامی اصولوں کی پاسداری کے ذریعے عالمی سطح پر محبت اور احترام کو فروغ دینےپر روشنی ڈالی۔
اس تقریب میں ۶۰؍ فارسی بولنے والے مہمانوں نے شرکت کی جن میں کمیونٹی لیڈرز، ماہرین تعلیم اور میڈیا کے نمائندگان شامل تھے۔ ان کا مثبت ردعمل اس قسم کے مستقبل کے پروگرامز کے لیے مشترکہ جوش و خروش کی عکاسی کرتا ہے۔
(رپورٹ: راشد احمد۔انچارج فارسی ڈیسک کینیڈا)