ربوہ کا موسم (۱۲ تا ۱۸؍ جنوری۲۰۲۴ء)
۱۲؍جنوری جمعۃ المبارک کو صبح کے وقت کافی دھند چھائی رہی، سارا دن گہرے بادل آسمان پر چھائے رہے۔ کچھ اندھیرا سا محسوس ہوتا تھا، ہلکی ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی۔ ہفتہ کو فجر کے وقت دھند کم تھی ، ہوا بھی بند تھی تاہم دن بھر بادلوں نے آسمان کو گھیرے رکھا،سہ پہر تین بجے سے پانچ بجے تک سورج نکلا اور اس کی کرنیں ایک عرصے کے بعد دیکھنے کو ملیں۔ رات گئے شدید دھند شروع ہوگئی ۔ اتوار کو صبح کے وقت سورج دھند اور بادلوں کے پیچھے رہا ، تاہم گیارہ بجے دن باہر آگیااور شام تک دھوپ خوب نکلی رہی، ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے دھوپ میں بیٹھنے سے بھی سردی لگتی تھی ۔ سوموار کو صبح سے ہی شدید دھند تھی ، گذشتہ روز مطلع صاف ہونے کی وجہ سے دھند زیادہ بن گئی، اور شام تک سورج چھپا رہا ہوا بھی چلتی رہی۔منگل کو بدستور سورج بادلوں کی اوٹ میں رہا تاہم گذشتہ دن کی نسبت بادلوں کی تہہ ہلکی تھی، صرف صبح کے وقت دھند چھائی رہی اور بعد دوپہر ایک گھنٹہ کے لیے دھوپ نکلی ۔ رات کو آسمان صاف ہونے کی وجہ سے چاند اور ستارے دیکھنے کو ملے۔بدھ کو صبح سے ہی دھند تھی جو دوپہر تک رہی ، بعد دوپہر سورج نے بادلوں کے بیچ سے اپنا سر باہر نکالااور شام تک چمکتا رہا۔ رات کو پھر دھند شروع ہوگئی۔جمعرات کو بھی فجر کے وقت دھند نے اپنا رنگ جمائے رکھا ، حسب سابق دن کو سورج نکلا رہا ، ہلکی ہوا کی وجہ سے دھوپ میں زیادہ بیٹھا نہیں جاتا تھا سردی محسوس ہوتی رہی۔درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۱۲؍ اور کم سےکم ۵؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔(ابوسدید)