مالی کے ریجن باماکو میں ایک تبلیغی نشست کا انعقاد
محض خدا تعالیٰ کے فضل سے باماکو کی مسجد مبارک میں ۱۴؍جنوری ۲۰۲۴ء کو نماز عشاء کے بعد ایک تبلیغی نشست کا انعقاد کیا گیاجس میں خدام ، انصار اور لجنہ ممبرات کے علاوہ غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے ۔
تقریب کی صدارت مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی نے کی ۔ صدر مجلس کی تقریر کے بعد مکرم عمرمعاذ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے تقریر کی۔ بنیادی موضوع جدید دور میں ایمان کی اہمیت اور روزمرہ کی زندگی میں روحانیت کی اہمیت تھا ۔
اس تبلیغی نشست میں صرف تقاریر ہی نہیں تھیں بلکہ یہ ایک انٹرایکٹو سیشن تھا جہاں شرکاء، بشمول احمدی اور غیر احمدی ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے مختلف سوالات کیے جن کے نائب امیر صاحب نے سیر حاصل جواب دیے۔ اس تقریب میں کُل ۹۵؍ افرادنے شرکت کی۔ یہ نشست اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
تقریب سے قبل صبح کے وقت باماکو کی مجلس خدام الاحمدیہ نے امن کا پیغام پھیلاتے ہوئے شہر بھر میں ایک ہزار ۷۲۵؍پمفلٹ تقسیم کیے۔ خدام کا یہ کام نہ صر ف لوگوں میں جماعت احمدیہ کی خوبصورت تعلیم پھیلنے کا باعث بنا بلکہ اس کے ذریعہ تبلیغی نشست کی مشہوری بھی ہوگئی۔
(رپورٹ: واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)