متفرق

ربوہ کا موسم (۲۶؍ جنوری تا یکم فروری۲۰۲۴ء)

۲۶؍جنوری جمعۃ المبارک کو ایک ماہ کے بعد صبح دس بجے کے قریب دھوپ دیکھنے کو ملی ۔ آسمان بالکل صاف تھااور سورج خوب چمک رہا تھا، لوگوں نے دھوپ میں بیٹھ کر انجوائے کیا، مغرب تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ ہفتہ کو بھی صبح ہی سے آسمان صاف تھا ۔ سورج اپنی کرنیں بکھیرتا رہا، درجہ حرارت کچھ اوپر آگیا۔ اتوارکو دھوپ اور ہوا کی وجہ سے موسم خوشگوار تھا۔ آسمان پر ہلکے بادل تھے جو کبھی کبھی سورج کے سامنے آتے رہے۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۴؍اور کم سے کم ۸؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ سوموار کو بھی دھوپ نکلی تاہم ہلکے بادلوں کی تہ آسمان پر موجود تھی، جس سے دھوپ میں تمازت کم تھی، ہوا معمول سے تیز چل رہی تھی اس وجہ سے درختوں نے اپنے پتے بہت جھاڑے۔ منگل کوفجر سے ہی مطلع ابر آلود تھا صبح کے وقت کچھ دیر کے لیے بوندا باندی ہوئی۔سارا دن ہوا چلتی رہی اور پتے گرتے رہے، سورج پوری طرح تو نہ نکلا تاہم موسم خوشگوار رہا۔ شام کے وقت ہوا سے خشک اور زرد پتے اِدھر اُدھر پھرتے رہےجس سے ماحول اداس اور خاموش سا ہوگیا۔ ایسے میں فرحت عباس شاہ کا شعر یاد آگیا۔ ؎

تُو نے دیکھا ہے کبھی ایک نظر شام کے بعد

کتنے چُپ چاپ سے لگتے ہیں شجر شام کے بعد

بدھ کو بھی سورج نکلا رہا لیکن ہوا کی وجہ سے دھوپ میں بیٹھنے کے باوجود ٹھنڈ بھی لگتی تھی۔ بدھ اور جمعرات کی رات کودیر تک ہلکی بارش ہوتی رہی، جس کی وجہ سے ربوہ بھر میں چھڑکاؤ ہو گیا اور مٹی بیٹھ گئی ۔ جمعرات کو سورج تو نکل آیا لیکن بارش کی وجہ سے ہو ا میں خنکی بڑھ گئی اور درجہ حرارت نیچے آگیا۔ زیادہ سے زیادہ ٹمپریچر۱۳؍ اور کم سے کم ۶؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button