مجلس انصاراللہ جرمنی کا نیشنل سالانہ ریفریشر کورس و دیگر تقریبات
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے سال ۲۰۲۴ء کی ابتدا مجلس انصاراللہ جرمنی کی نیشنل مجلس عاملہ و ناظمین اعلیٰ علاقہ کے مشترکہ نیشنل ریفریشر کورس سے ہوئی جو ۱۳؍جنوری بروز ہفتہ ویزبادن کی مسجد مبارک میں منعقد ہوا۔ ریفریشر کورس کے معاً بعدسابق صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کے اعزاز میں تقریب سپاس اور ایمان افروز واقعات پر مبنی تعارفی پروگرام منعقد ہوا جس کا اختتام تقریباً رات سوا بارہ بجے ہوا۔
کارروائی نیشنل ریفریشر کورس
سالانہ ریفریشر کورس کا آغاز صبح سوا دس بجے بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد سے ہوا۔ ریفریشر کورس میں ممبران نیشنل مجلس عاملہ اور ناظمین اعلیٰ علاقہ و نائب ناظمین نے شرکت کی۔ ریفریشر کورس میں شریک عہدیداران کی حاضری کا جائزہ لینے کے بعد تمام قائدین نیشنل عاملہ نے اپنے اپنے شعبہ کے لائحہ عمل ۲۰۲۴ء سے متعلق اپنی پریزنٹیشنز پیش کیں اور پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔ ان میں ملٹی میڈیا کے شعبہ کی ٹیم بھی شامل تھی۔ اس دوران حسب موقع صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی وضاحت طلب امور پر روشنی ڈالتے رہے۔ دوپہر کے کھانے اور نمازوں کے وقفہ کے بعد ریفریشر کورس جاری رہا اس طرح سالانہ پروگرام ۲۰۲۴ء کی منصوبہ بندی و تیاری مکمل کی گئی۔ شام کو دعا کے ساتھ یہ سالانہ ریفریشر کورس اختتام کو پہنچا اور سوا سات بجے مغرب و عشاء کی نمازیں ادا کی گئیں۔
سابق صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کے اعزاز میں تقریب سپاس کا انعقاد اور عشائیہ
مبارک احمد شاہد صاحب سابق صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کے اعزاز میں الوداعی تقریب نمازوں کی ادائیگی کے بعد نئے صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی زیر صدارت شروع ہوئی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم وترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد ڈاکٹر وسیم احمد طاہر صاحب رکن خصوصی نے سپاس نامہ پڑھا۔ یہی سپاس نامہ فریم کرواکر یاد گار کے طور پر سابق صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ بعد ازاں سابق صدر مجلس مبارک احمد شاہد صاحب نے اپنی گزارشات میں ان کے دور میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر اراکین ممبران نیشنل عاملہ و جملہ ناظمین اعلیٰ علاقہ کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ مجلس انصاراللہ نئی قیادت کی راہنمائی میں مزید آگے بڑھے اور ترقیات حاصل کرے۔
اس کے بعد صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے خدمت دین کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ بعد ازاںحیدر علی ظفر صاحب مربی سلسلہ و رکن خصوصی نے شرکا ء تقریب کو چند نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔ یہ تقریب تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ اس کے بعد تمام احباب کی خدمت میں عشائیہ پیش کیاگیا۔
ایمان افروز واقعات پر مبنی تعارفی پروگرام
عشائیہ کے بعدرات ساڑھے نو تا بارہ بجے ایک تعارفی پروگرام منعقد ہوا جس میں شرکاء نے اپنے اپنے خاندان کا تعارف کرایا اور اپنے بزرگان کے ایمان افروز واقعات سنائے۔ یقینی طور پر اس پروگرام میں سنائے گئے واقعات سبھی کے ایمانوں میں خاطر خواہ اضافے کا باعث بنیں گے۔ ان شاء اللہ۔
(رپورٹ:منور علی شاہد۔جرمنی)