متفرق مضامین

بہشتی پرندہ توکا (Toucan)

جنوبی امریکہ کے برساتی جنگلات کا یہ پرندہ اپنے دلفریب رنگوں بالخصوص بڑی اور کئی دلکش رنگوں میں پائی جانے والی چونچ اور من موہنی بولیوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔

باقی پرندوں کی نسبت بڑی چونچ ہونے کے باوجود اس کا وزن بہت کم ہوتا ہے۔ توکا کی چونچ اس کے لیے بہت کارآمد ہے۔ اس کی چونچ اس کے جسم کا درجہ حرارت برقرار رکھنے میں بھی مدد کرتی ہے۔ جنگلی پھلوں کو خوراک بناتا ہے جس کے حصول میں چونچ مدد کرتی ہے۔ ان کی خوراک جنگلی ماحول Ecosystemکے لیے بہت معاون ہے۔ یہ جنگلی پھلوں کے بیجوں کو پورے جنگل میں پھیلاتے ہیں۔ جنوبی امریکہ کے برساتی جنگلات اس کا پسندیدہ مسکن ہیں۔ سازگار ماحول کے باوجود ان جنگلوں میں ان کے لیے خطرات بھی موجود ہیں۔ بڑی بلیاں اور دوسرے شکاری گوشت خور پرندے ان کا شکار کرتے ہیں۔ اپنی بڑی چونچ کے ساتھ اڑتے ہوئے یہ بھلے ہی عجیب لگتے ہوں لیکن گھنے جنگلوں میں یہ کسی ماہر پائلٹ کی طرح پرواز کرنے پر قادر ہیں۔

توکا Ramphastidae خاندان سے تعلق رکھتا ہے جس کی کم و بیش چالیس مختلف انواع پائی جاتی ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کا رنگ ، جسامت اور عادات مختلف ہوتی ہیں۔ اس اختلاف کے باوجود ان میں کئی اقدار مشترک ہیں۔ مختلف اقسام میں ان کی لمبائی چودہ سے بیس انچ تک ہوتی ہے۔ ان کی بعض انواع میں چونچ ان کے جسم کا نصف تک ہو سکتی ہے۔ بڑی چونچ کے باوجود یہ وزن میں ہلکی ہوتی ہے جس کی وجہ سے کھانے ، کھیلنے اور شکاریوں سے دفاع کرنے میں انہیں کوئی مشکل نہیں ہوتی۔

پھل ان کی خوراک کا اسّی فیصد ہیں۔ یہ پھلوں کے علاوہ کیڑے مکوڑے ، انڈے اور چھپکلیاں بھی کھاجاتے ہیں۔

توکا کا شمار سماجی پرندوں میں ہوتا ہے جو ٹولیوں کی صورت میں اکٹھے اور اپنے گروپ کے تمام ممبران سے رابطے میں رہتے ہیں۔ خیالات کے تبادلہ کے لیے یہ کئی قسم کی آوازوں کا سہارا لیتے ہیں۔ ایک گروپ میں ان کی تعداد بیس تک ہوسکتی ہے۔ کھانے اور آرام کرنے کے علاوہ یہ ایک دوسرے سے اٹھکیلیاں کرتے رہتے ہیں اور کسی خطرے سے دوسروں کو آگاہ کرنے کے لیے بلند اور مخصوص آواز پیدا کرتے ہیں۔

اس کی ایک پہچان منفرد انداز میں گھونسلہ بنانے کی بھی ہے۔ یہ درختوں کے تنوں میں پہلے سے بنے ہوئے سوراخوں یا قدرتی طور پر درختوں میں بننے والے سوراخوں میں ہی گھر بنالیتے ہیں۔ یہ اپنی بڑی چونچ کی وجہ سے باقی پرندوں کی طرح تنکوں یا درختوں میں خود سوراخ کرکے گھر بنانے پر قادر نہیں ہوتے۔

توکا ہجرت نہیں کرتے اور ساری عمر ایک ہی جگہ پر گزار دیتے ہیں۔

یہ مستقل جوڑا نہیں بناتے بلکہ بریڈنگ سیزن میں ہی ساتھی کا انتخاب کرتے ہیں۔

بریڈنگ سیزن میں نر توکا کوئی پھل مادہ کے پاس لے جاتا ہے ، اگر اس کا تحفہ مادہ کو پسند آئے تو وہ تحفہ قبول کرتی ہے اور اسے ساتھی کے طور پر چن لیتی ہے۔

مادہ ایک سیزن میں ۲ سے ۴ انڈے دیتی ہے جسے دونوں مل کر باری باری سیتے ہیں۔ جب دونوں میں سے ایک انڈوں پر بیٹھتا ہے تو دوسرا اپنے اور اپنے ساتھی کے لیے خوراک لاتا ہے۔اسی طرح بچوں کے لیے بھی یہ باری باری خوراک لاتے ہیں۔

۱۷؍ سے ۱۸؍ دنوں میں انڈوں سے بچے نکل آتے ہیں جو پچاس دنوں میں اڑنے کے قابل ہو جاتے ہیں اور گھونسلہ چھوڑ دیتے ہیں۔ گھونسلہ چھوڑنے تک دونوں مل کر بچوں کی حفاظت اور پرورش کرتے ہیں۔

اپنی سماجی فطرت کی وجہ سے یہ پرندہ بہت جلد انسانوں سے مانوس ہو جاتا ہے۔ کم ہوتے یہ جنگلات، بدلتے ماحول اور اس کے خوبصورت پروں کی وجہ سے اس کا شکار عام ہے جو اسے لاحق خطرات میں سب سے بڑا خطرہ ہے۔

(مرسلہ:’م۔ظفر‘)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button