گنی بساؤ کی نومبائع جماعت ڈیمبا کابرہ کی مسجد کا افتتاح اور تقریب آمین کا انعقاد
خدا تعالیٰ کے خاص فضل کے نتیجہ میں جہاں مغربی افریقہ کے ملک گنی بساؤ کی جماعت میں مخلصین کا اضافہ ہو رہا ہے وہاں مساجد اور دیگر تعمیرات کا کام بھی بھرپور طریق پر جاری ہے۔ اسی ضمن میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ۲۶؍جنوری ۲۰۲۴ء کو جماعت گنی بساؤ کو سوناکو ریجن کی نو مبائع جماعت ڈیمبا کابرہ میں ایک نئی مسجد کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ محمد احسن میمن صاحب مشنری انچارج نے مسجد کا افتتاح کیا۔ ڈیمبا کابرہ کے پورے گاؤں نے ۲۰۲۲ء کے جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع پر بیعت کی تھی جس کے بعد یہ نو مبائع جماعت اپنی ایک مسجد بنانے کے معاملہ میں بہت پُرجوش تھی اور پھر اللہ تعالیٰ نے ان کو یہ توفیق دی کہ وہ اس خواہش کو پورا کر سکیں۔ یہ مسجد گاؤں کے نومبائعین نے وقار عمل کے ذریعہ سے تعمیر کی ہے۔ جماعت کی طرف سے صرف چھت کے لیے لوہے کی چادریں دی گئیں، باقی تمام کام مسیح محمدیﷺ کے ان نئے بیعت کرنے والے مخلصین نے رضاکارانہ طور پر سر انجام دیا ۔
تقریب آمین
مسجد کے افتتاح کے موقع پر گاؤں کے ۱۹؍بچوں کی تقریبِ آمین بھی منعقد ہوئی جس میں مشنری انچارج صاحب نے ہر بچہ سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا اور اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور خلفائے احمدیت کی ہدایات کی روشنی میں احباب جماعت کوتوجہ دلائی کہ قرآن پاک کو کس طرح پڑھا جائے اور کس طرح تلاوت قرآنِ پاک کا حق ادا کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے آنے والے غیراحمدی احباب نے اس بات کا اعتراف کیا کہ جماعت احمدیہ جو قرآن مجید کے حوالہ سے خدمات کر رہی ہے وہ دوسرے اسلامی فرقوں میں بہت ہی کم نظر آتا ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد کے افتتاح کے موقع پر ۴۰۰؍سے زائد احباب نے شرکت کی جس میں غیر از جماعت امام اور مختلف علاقوں کے صاحب اقتدار لوگ بھی شامل تھے۔ مسجد کے افتتاح کے بعد قریبی جماعتوں کا دورہ بھی کیا گیا جس میں تربیتی حوالہ سے نمازوں میں باقاعدگی اور خلیفہ وقت کے خطبات سننے کی طرف توجہ دلائی گئی ۔
اللہ تعالیٰ اہل علاقہ کو اس مسجد کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)