خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… روس نے حماس سمیت فلسطین کے دیگر گروپس کو ماسکو مدعو کرلیا۔بیت المقدس سے فلسطینی وزیر اعظم محمد شتیہ کے مطابق روس نے حماس سمیت تمام فلسطینی گروپس کو ۲۶؍فروری کو بلایا ہے۔فلسطینی وزیر اعظم نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ فلسطینی انتظامیہ کچھ شرائط کے ساتھ حماس سے اتحاد چاہتی ہے۔فلسطینی وزیر اعظم محمد شتیہ نے کہا کہ ہمیں فلسطین کے اتحاد کی ضرورت ہے۔
٭…برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے ایتھوپیا میں افریقی یونین کانفرنس سے خطاب کے دوران غزہ میں نسل کشی کو ہولوکاسٹ سے تشبیہ دے دی۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوا۔ تاریخ غزہ کی اس وحشیانہ جنگ کی مثال نہیں پیش کر سکتی۔ صدر لولا ڈی سلوا نے کہا کہ غزہ جنگ ویسی ہی ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت غزہ میں جو کچھ ہو رہاہے یہ نسل کشی ہے۔ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر کے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ جو کچھ اسرائیلی فوج کر رہی ہے یہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں۔ یہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی غزہ میں عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے۔
٭…اسرائیلی مظالم کے خلاف بیان دینے پر حماس نے برازیلی صدر کی تعریف کی ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کی ہولوکاسٹ سے مماثلت کے بیان کی قدر کرتے ہیں۔ برازیلی صدر کا بیان بائیڈن انتظامیہ کی حمایت سے مظالم جھیلتے فلسطینیوں کی درست عکاسی ہے۔عالمی عدالت انصاف برازیلی صدر کے بیان پر توجہ دے، فلسطینیوں کو جدید تاریخ کے بدترین مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
٭…برازیل کے صدر کے بیان پر اسرائیل برہم ہوگیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ برازیلی صدر کا بیان ہولوکاسٹ کو معمولی بنانا ہے، برازیلی صدر کا بیان یہودی لوگوں پر حملہ ہے۔ برازیلی صدر کا بیان اسرائیل کے حق دفاع پر حملہ ہے، اسرائیل کا نازیوں اور ہٹلر سے موازنہ کرنا سرخ لکیر عبور کرنا ہے۔علاوہ ازیں اسرائیلی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برازیلی صدر کے بیان پر احتجاج کے لیے برازیلی سفیر کو طلب کریں گے۔
٭…اسرائیل کی جانب سے برازیلین صدر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا گیا۔ برازیلین صدر جب تک اپنا بیان واپس نہیں لیتے انہیں اسرائیل میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔ برازیلین صدر کو معاف کریں گے نہ ہی انہیں بھولیں گے۔ برازیلین صدر کا بیان اسرائیل اور اسرائیلی عوام پر سنگین حملہ ہے۔
٭…امریکہ کی ریاست منیسوٹا میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار اور ایک ریسکیو ادارے کا اہلکار ہلاک ہوگیا۔ ایک گھر میں مسلح ملزم کی موجودگی کی فون کال موصول ہونے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تھے جس کے بعد گھر کے اندر سے ان پر فائرنگ کی گئی۔ گھر کے اندر سات بچے موجود تھے جنہیں نقصان نہ پہنچانے کے لیے ملزم سے مذاکرات بھی کیے گئے تھے، واقعہ گھریلو جھگڑا معلوم ہوتا ہے۔ فائرنگ کرنے والا ملزم بھی مارا گیا اور اس واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
٭…یورپی یونین نے بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی کےلیےEUNAVFOR ASPIDESآپریشن کا آغاز کر دیا۔ یہ فیصلہ یورپی کونسل کے برسلز میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔اس دفاعی میری ٹائم سیکیورٹی آپریشن کا مقصد بحیرہ احمر اور خلیج میں جہاز رانی کی آزادی کو بحال کرنا اور اس کا تحفظ کرنا ہے۔ اعلامیے کے مطابق EUNAVFOR ASPIDESکے آغاز کے ساتھ، یورپی یونین ایک انتہائی سٹریٹیجک میری ٹائم کوریڈور(Corridor)میں میری ٹائم سیکیورٹی اور نیوی گیشن کی آزادی کو بحال کرنے کی ضرورت پر تیزی سے ردعمل ظاہر کر رہا ہے۔اس حوالے سے یورپی خارجہ و سیکیورٹی امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ آپریشن ASPIDES اس علاقے میں یورپی یونین کی بحریہ کی موجودگی کو یقینی بنائے گا جہاں نومبر۲۰۲۳ء سے متعدد حوثی حملوں نے بین الاقوامی تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
٭… یوکرین نے روسی لڑاکا طیاروں پر حملہ کیا ہے، اس حوالے سے یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تین روز میں روس کے چھ لڑاکا طیارے تباہ کر دیے۔ یوکرینی آرمی چیف نے کہا کہ یوکرینی فوج نے دو اور روسی لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔ روس کے ایس یو 34 اور ایس یو 35 لڑاکا طیاروں کو تباہ کیا۔روسی لڑاکا طیاروں کو تباہ کن گائیڈڈ فضائی بموں سے تباہ کیا۔
٭… پاکستانی کوہ پیما سعد منور نے ایشیا سے باہر دنیا کے بلند ترین پہاڑ ایکونکواگوا کی چوٹی پر اذان دینے اور پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ان کے اپنے اکاؤنٹ سے نشر کی گئی ویڈیو میں انہیں مغربی امریکہ کے ملک ارجنٹائن میں واقع دنیا کے بلند ترین پہاڑوں میں سے ایک ایکونکواگوا کی چوٹی پر اذان دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔