جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے عہدیداران کا پانچواں ریفریشر کورس
شیخ کلیم الرحمٰن صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری سوئٹزرلینڈ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کو مورخہ ۲۸؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز اتوار مسجد نور ویگولٹینگن کے ملحقہ ہال میںنیشنل و لوکل ممبرانِ عاملہ اور صدرانِ جماعت کا پانچواں ریفریشرکورس منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔ الحمدللہ
ریفریشر کو رس کا آغاز مکرم طارق ولید تارنتسر صاحب امیر جماعت سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و جرمن اور اردو ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے ’’امر بالمعروف اور نہی عن المنکر‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس میں انہوں نے تمام عہدیداران کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ پھر شرکاء کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا جن کے جواب دیےگئے۔ اس دوران شرکاءنے مسائل کے حل کے ضمن میں اپنی تجاویز اور تجربات بھی بیان کیے۔
پروگرام کے آخرمیں مکرم امیر صاحب نے تمام عہدیداران کو اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ نیشنل یا مقامی سطح پر عاملہ کی مجالس میں بعض باتیں امانت کے طور پر پیش ہوتی ہیں یعنی ان باتوں کو باہر نہیں نکالنا چاہیے اور بعض باتیں جماعت کے احباب کے لیے پیغام کے طور پر ہو تی ہیں جنہیں احباب جماعت تک پہنچانا چاہیے۔ دعا کے ساتھ یہ ریفریشر کورس اختتام پذیر ہوا ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ۶۰؍ کے قریب عہدیداران اس کورس میں شامل ہوئے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم عہدیداروں کواپنی ذمہ داریوں کو عاجزی اور انکساری کے ساتھ پورا کرنے والا بنائے۔آمین
٭…٭…٭