نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے یکم فروری ۲۰۲۴ء بروز جمعرات بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم مرزا سلیم احمد صاحب (سٹن۔ یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور چار مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم مرزا سلیم احمد صاحب (سٹن۔یوکے)
۲۳؍جنوری ۲۰۲۴ء کو ۸۶سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت مرزا بشیراحمد صاحب رضی اللہ عنہ کے نواسے اور مکرم صاحبزادہ مرزارشید احمد صاحب اور مکرمہ صاحبزادی امۃ السلام بیگم صاحبہ کے بیٹے اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے نسبتی بھائی تھے۔ مرحوم نے لمبا عرصہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن میں کام کیا۔انہیں کنگ آف موراکو نے موراکو ایئر لائن میں بہترین کارکردگی پر ایک ایوارڈ بھی دیا تھا۔ آپ ایک ہمدرد، مخلص اور باوفا انسان تھے۔آپ کی شادی ایک اٹالین احمدی خاتون مکرمہ Anna Calio Mirzaصاحبہ سے ہوئی۔ جنہوں نے بتایا کہ پوری زندگی انہوں نے مجھے ملک اور کلچر مختلف ہونے کا احساس نہیں ہونے دیااورآپ ایک نفیس انسان تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم مرزا جاوید احمد صاحب گذشتہ کئی سال سے مسجد بیت الفتوح (یوکے) کی لائبریری میں کام کررہے ہیں۔
نماز جنازہ غائب
۱۔مکرم حکیم محمود احمد طالب صاحب(سابق کارکن فضل عمر فاؤنڈیشن۔ ربوه) ابن مکرم حافظ محمد یوسف صاحب (سابق انسپکٹر تحریک جدید ربوہ)
۲؍جنوری ۲۰۲۴ء کو ۷۵سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے حلقہ بیوت الحمد میں سیکرٹری وقف جدید، سیکرٹری وصایا اور زعیم انصاراللہ کے علاوہ امام الصلوٰۃ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،سادہ مزاج،عاجز، متوکل علی اللہ، خلافت سے گہری عقیدت رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
۲۔مکرم ملک ظفر نذیر احمد صاحب ابن مکرم میجر جنرل نذیر احمد صاحب(کینیڈا)
۹؍جنوری ۲۰۲۴ء کو ۷۴سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم مکرم صاحبزادہ مرزا مبارک احمد صاحب کے داماد اور مکرم میجر جنرل نذیر احمد صاحب اور مکرمہ اقبال بیگم صاحبہ (آف لاہور) کے بیٹے تھے۔ آپ لمبا عرصہ PIA میں کام کرتے رہے۔ آپ پہلے بیلجیم میں رہے اور اب کینیڈا میں مقیم تھے۔ ہر کام میں اللہ تعالیٰ کی رضا کو مقدم رکھتے۔بیماری کا عرصہ بھی صبر وشکر سے گزارا۔صوم وصلوٰۃ کے پابند، جماعت کی خدمت کرنے والے، ہمدرد، مخلص نیک اور باوفا انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔ تبلیغ کے کاموں میں بہت فعال تھے اور مختلف پروگراموں میں حصہ لے کر لوگوں کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچاتے تھے۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔
۳۔مکرمہ مریم صدیقہ شاکر صاحبہ اہلیہ مکرم محمد لطیف شاکر صاحب(وانڈزورتھ۔یوکے)
۱۹؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو ۹۱ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ ۱۹۶۳ء میں اپنے شوہر کے ہمراہ ربوہ سے برطانیہ آئیں اور یہاں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مسجد فضل کی ضیافت ٹیم کی اوّلین خدمت گزاروں میں سے تھیں۔ اس کے علاوہ لجنہ میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کا موقع ملا۔ مرحومہ نماز اور روزہ کی پابند، باقاعدگی سےقرآن کریم کی تلاوت کرنے والی،اچھے اخلاق کی مالک، غریب پرور، مہمان نواز، ملنسار، نیک، متقی اور مخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں ۳ بیٹے اور ۲ بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم مباہل شاکر صاحب (واقف زندگی۔شعبہ ایم ٹی اے نیوز) کی دادی تھیں۔
۴۔مکرمہ بشریٰ ساجدہ احمد سیال صاحبہ اہلیہ مکرم منیر احمد سیال صاحب (جرمنی )
یکم دسمبر ۲۰۲۳ء کو ۶۲ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ تقریباً ۴۱ سال سے فرینکفرٹ میں مقیم تھیں۔ جب پاکستان سے جرمنی آئیں تو آپ نے بے شمار احمد ی اور غیر احمدی بچوں کو قرآن کریم پڑھایا۔ جماعت اور خلافت کے ساتھ والہانہ تعلق تھا اور اپنے بچوں کی تربیت بھی جماعتی روایات کے مطابق کرنے کی کوشش کرتی رہیں۔ صوم و صلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز،چندوں میں باقاعدہ اور جماعتی اجلاسات میں شرکت کرنے والی ایک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ واقفین زندگی، مربیان اور عہدیداران کا بہت احترام کرتی تھیں۔نائیجیریا میں اپنے مرحوم بیٹے کی طرف سے ایک مسجد اور ایک سکول تعمیر کروانے کی بھی توفیق پائی۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔
اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین