ریفریشر کورسز مجلس انصار اللہ علاقہ ویسٹرن کینیڈا
مورخہ ۲ تا ۴؍فروری ۲۰۲۴ء مجلس انصار اللہ ویسٹرن کینیڈا کے ریجنز اور مجالس کی عاملہ کے لیے ریفریشر کورسز منعقد ہوئےک، یہ ریفریشر کورسز البرٹا، کیلگری اور برٹش کولمبیا کے لیے منعقد ہوئے اور اس کے لیے نائب صدران اور مختلف قائدین نے مرکز کی نمائندگی کی۔ ریفریشر کورس کے ساتھ ساتھ مختلف پروگرام بھی منعقد کیے گئے تھےجن کی رپورٹ پیش خدمت ہے۔
کیلگری ریجن
کیلگری ریجن میں کل ۱۱ مجالس ہیں اس ریجن کا ریفریشر کورس مورخہ ۴؍فروری کو منعقد ہوا۔ اس سے ایک روز قبل مورخہ ۳؍فروری کو مسجد بیت النور میں قائم کردہ انصار اللہ لاؤنج کا افتتاح مرکز سے تشریف لانے والے نائب صدر مجلس انصاراللہ ثناءاللہ خان صاحب نے کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ قائد تجنید ملک کلیم احمد صاحب بھی موجود تھے۔
اس لاؤنج کا انتظام مجلس انصار اللہ کی طرف سے مسجد بیت النور میں انصار بھائیوں کے آرام اور اُن کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا جہاں آرام دہ صوفوں اور کرسیوں کے ساتھ ساتھ اُن کے لیے چائے اور کافی کا بھی انتظام کیاگیا تاکہ انصار بھائی اس سے لطف اندوز ہوسکیں۔
ریفریشر کورس: مورخہ ۴؍ فروری بروز اتوار مجلس انصار اللہ کیلگری ریجن کے ریفریشر کورس کا آغاز گیارہ بجے کے قریب ہوا۔ اس کورس میں کیلگری ریجن کی گیارہ مجالس کی عاملہ اور ریجنل عاملہ کے اراکین نے شرکت کی جس کی صدارت نائب صدر مکرم ثنا ءاللہ خان صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد نائب صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے عہد دہرایا۔ امسال ریفریشر کورس کے طریقہ کار میں معمولی تبدیلی کرتے ہوئے ریجنل ناظمین کو بھی مختلف ذمہ داریاں دی گئی تھیں، ریجنل قائد عمومی نے امسال کا لائحہ عمل پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مثالی مجلس کے بارے میں بھی بتایا، جس کے بعد ناظم تعلیم نے تعلیمی نصاب اور پرچہ جات کے بارے میں تفصیلاً بتایا اور اُس سے متعلق سوالوں کے جواب دیے، ناظم مال نے گذشتہ سال کا مالی جائزہ پیش کیا، جبکہ قائد صاحب تجنید نے تجنید پالیسی کے ساتھ سائقین سسٹم سے متعلق ویڈیو بھی دکھائی۔ ا ٓخر میں نائب صدر صاحب نے ریجنل و لوکل عاملہ کو ملنے والی ذمہ داریوں کے ساتھ اس طرف بھی توجہ دلائی کہ کام کو اُس کی حقیقی روح کے ساتھ انجام دیں اور نظام اور نظام خلافت کے ساتھ سچی اطاعت اور اخلاص کے ساتھ ہی اپنے اپنے مفوضہ کاموں میں برکت پڑ سکتی ہے۔ بعد ازاں حضور انور کے مختلف ارشادت پر مبنی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی اس میٹنگ کا اختتام دعا پر ہوا۔
پریری ریجن
چونکہ پریری ریجن کا جغرافیائی محل وقوع اس طرح کا ہے کہ تمام مجالس کے اراکین عاملہ اور ریجنل عاملہ کو ایک وقت اور ایک جگہ پر جمع کرنا مشکل ہے اس لیے پریری ریجن کے ریفریشر کورس کے لیے سسکاٹون سے باہر کی مجالس کے صرف زعما مجالس کو مدعو کیا گیا تھا، جبکہ تمام ریجنل ناظمین سفر کرکے اس کورس میں شامل ہوئے تھے، پریری ریجن میں کل نو مجالس ہیں، سسکاٹون کی تینوں مجالس مع اپنی مجالس عاملہ، جبکہ لائڈ منسٹر اور ریجانہ کے زعما اپنی عاملہ کے کثیر اراکین کے ساتھ اس کورس میں سفر کر کے شامل ہوئے، ایڈمنٹن ایسٹ اور ونی پیگ کے زعما نے اپنی اپنی مجلس کی نمائندگی کی جبکہ ایڈمنٹن ویسٹ اور فورٹ میکمریکے زعما آن لائن اس کورس میں شامل ہوئے۔
اس کورس میں شرکت کے لیے مرکزی نمائندوں میں معاون صدر محمد احمد صاحب کے ساتھ قائد ایثار مبشر خالد صاحب اور ایڈیشنل قائد عمومی فخر چغتائی صاحب بھی تشریف لائے تھے جبکہ خاکسار نے ایڈمنٹن سے آکر اس کورس میں شمولیت کی تھی۔
تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد ریجنل ناظم اعلیٰ مکرم خرم باجوہ صاحب نے تمام شاملین کو خوش آمدید کہا اور اس کورس کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ ریفریشرکورس میں امسال ۲۰۲۴ء کا لائحہ عمل پیش کیا گیا اور ساتھ ہی تعلیم، مال اور مختلف شعبہ جات کا اجمالی جائزہ پیش کیا گیا۔ مکرم فخر چغتائی صاحب نے میکمس کا تعارف پیش کیا اور سائق سسٹم کے بارے میں ایک ویڈیو بھی دکھائی۔ قائد صاحب ایثار نے شعبہ ایثار سے متعلق حاضرین کو بتایا اور شعبہ ایثار کے تحت ہونے والے مختلف فلاحی کاموں کے بارے میں بتایا اور ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا کہ شعبہ ایثار کے تحت سب سے اہم کام انصار بھائیوں اور خاص کر بزرگ انصار کی فلاح و بہبود ہے اور اس کی طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں مرکزی نمائندوں کے ساتھ مختلف شعبہ جات کا بریک آؤٹ سیشن ہوا جس میں ہر شعبہ کے بارے میں اور اُن کے مجوزہ کاموں کے بارے میں تفصیل سے بات کی گئی۔ نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی کے بعد آخری اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیمی امور سے متعلق سوال ہوئے اور معاون صدر صاحب نے اس کے تفصیلی جواب دیے، کورس کے آخر میں ایک دفعہ پھر معاون صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مجلس کے کاموں اور اس کی کامیابی کا اصل راز، اخلاص، دیانتداری اور خلیفہ وقت کی مکمل اطاعت میں ہے اور ہر ایک مجلس عاملہ کے رکن کو ان باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے، نیز بحیثیت لیڈر ہر ایک رکن عاملہ کا فرض بنتا ہے کہ اپنی مجلس کے ہر ناصر سے ذاتی رابطہ رکھیں تاکہ ایک فعال مجلس کا قیام عمل میں آئے۔ اجلاس کا اختتام دعا پر ہوا جس کے بعد حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔
ریفریشر کورس کے ہی سلسلے میں باقی ماندہ مجالس، ایڈمنٹن ایسٹ، ایڈمنٹن ویسٹ کی مجالس عاملہ کا کورس مورخہ ۱۰# فروری کو ایڈمنٹن میں محترم ناظم اعلیٰ پریری ریجن کی سربراہی میں منعقد ہوا، جبکہ اس دن ونی پیگ کی مجلس عاملہ کا کورس نائب ناظم اعلیٰ کی سربراہی میں منعقد کیا گیا۔ اس طرح ریجن کی تمام مجالس عاملہ کا کورس تکمیل کو پہنچا۔
برٹش کولمبیا ریجن
برٹش کولمبیا ریجن کا ریفریشر کورس مورخہ ۴؍فرروی کو منعقد ہوا جس کے لیے نائب صدر مکرم ناصر محمود احمد صاحب، ایڈیشنل قائد عمومی مکرم افضل ملک صاحب اور خاکسار نے شرکت کی۔ اس ریجن میں آٹھ مجالس شامل ہیں۔
دن کا آغاز نماز فجر اور اُس کے بعد ناشتے سے ہوا، دن کے دس بجے ریجن اور مجالس کی عاملہ کے اراکین کے ریفریشر کورس کا آغاز ہوا، تلاوت اور اُس کے ترجمے کے بعد نائب صدر مجلس انصار اللہ نے شاملین سے عہد دہرایا جس کے بعد ناظم عمومی نے سال ۲۰۲۴ء کے لائحہ عمل کے چنیدہ نکات کو حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ صدر صاحب کی ہدایت کی روشنی میں ناظم تعلیم اور ناظم مال نے اپنے اپنے شعبے کا لائحہ عمل پیش کیا، جس کے بعد ایڈیشنل قائد عمومی نے میکمس سسٹم کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں اس پروگرام کے تمام پہلوؤں کو تفصیل سے بیان کیا ساتھ ہی تجنید پالیسی کو بھی بیان کیا اور حاضرین کے مختلف سوالوں کے جواب دیے، جس کے بعد مجالس عاملہ کے اراکین کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا جس میں ہر شعبے کے کام اور اُن کی ذمہ داریوں سے متعلق تفصیل سے بات کی گئی۔ بریک آؤٹ سیشن کے بعد کورس کے آخر میں ایک دفعہ پھر نائب صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مجلس کے کاموں اور اس کی کامیابی کا اصل راز مکمل اطاعت میں ہے اور ہر ایک مجلس عاملہ کے رکن کو ان باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے، اجلاس کا اختتام دعا پر ہوا جس کے بعد نماز ظہر وعصر ادا کی گئیں اور پھر تما م ممبران کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: محمد داؤد اسمٰعیل۔ ناظم اعلیٰ علاقہ ویسٹرن کینیڈا)