جماعت Innisfil، کینیڈا کی طرف سے سینٹ جیمز یونائیٹڈ چرچ کا دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت Innisfil، کینیڈا کو ۹؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو سنڈے چرچ سروس کے دوران سینٹ جیمز یونائیٹڈ چرچ میں اسلام احمدیت کو متعارف کرانے کا موقع ملا۔
اس تعارف کا مقصد انیسفل شہر میں مقامی شہریوں میں برادرانہ تعلقات کو قائم اور مضبوط کرنا تھا۔ چرچ کے اراکین نے ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ والی پِنز پہن رکھی تھیں جو انہیں گذشتہ تقریب میں تحفے میں دی گئی تھیں۔
اس سے قبل جماعت کو سینٹ جیمز یونائیٹڈ چرچ کے راہنماؤں میں سے ایک پادری پیٹریشیا جیمز کی متعدد بار میزبانی کا موقع ملا ہے۔ جماعت احمدیہ کے تحت ہونے والے گذشتہ بین المذاہب سمپوزیم کے دوران موصوفہ نے عیسائیت کا تعارف پیش کیا تھا جس کے بعد انہوں نے جماعت کو سینٹ جیمز یونائیٹڈ چرچ میں مدعو کیا تاکہ اُن کے چرچ میں اسلام احمدیت کا تعارف کرایا جاسکے۔ انہوں نے جماعت کا تعارف کرواتے ہوئے متعدد جماعتی کتب کا حوالہ دیا اور اپنے تبصروں میں اسلام کی خوبصورت تعلیمات کا ذکر کیا۔ ایڈم الیگزینڈر صاحب مبلغ سلسلہ نے اسلام احمدیت کی نمائندگی کی اور چرچ سروس کے دوران جماعت احمدیہ عالمگیر کا تعارف پیش کیا۔ احباب جماعت نے چرچ کی فوڈ ڈرائیو میں بھی شرکت کی اور چرچ کی جانب سے اس سرگرمی کو گرمجوشی سے سراہا گیا۔
(رپورٹ: حسن شاہد۔ سیکرٹری اشاعت جماعت Innisfil،کینیڈا بذریعہ نمائندہ الفضل)