تقریب سنگ بنیاد مسجد بولیکو جولابوگو، آئیوری کوسٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۳؍جنوری۲۰۲۴ء بروز منگل ریجن گراں لاؤو(Grand-Lahou) کی جماعت بولیکو جولابوگو (Boleko, Djoulabougou)کو مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تقریب کے لیے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نیشنل عاملہ کے چند ممبران کے ساتھ بولیکو جولا بوگو گاؤں تشریف لائے۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدہٗ گاؤں کی جامع مسجد کے امام نے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور اپنی تقریرمیں کہا کہ یہ گاؤں کی چوتھی اوراس محلے کی اور جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد ہے۔ امید ہے اس مسجد سے تمام مسلمان فائدہ اٹھائیں گے۔ اس کے بعد جناب سنگارے سلیمان صاحب نمائندہ نائب گورنر (Sous-Prefet)نے مکرم امیر صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعدمکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں چند نصائح کیں اور تعمیر مساجد کی اہمیت بیان کی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے مسجد کا سنگ بنیادرکھا اور اس کے بعد نیشنل عاملہ کے ممبران، بولیکو جولابوگو کے امام، صدرجماعت اور دوسرے ممبران نے باری باری اینٹ رکھی۔ اختتام پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
اس گاؤں میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۱۵ء میں مکرم کونے کریم صاحب معلم سلسلہ کے ذریعہ ہوا۔ اوائل میں تین فیملیز جماعت احمدیہ میں داخل ہوئیں تھیں۔ اس گاؤں میں تعمیرِ مسجد کے لیے کافی عرصہ سے زمین کے حصول کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ایک پلاٹ ۶۰۰؍مربع میٹر، مرکز کی اجازت سے ایک ملین فرانک سیفا میں خریدنے کی توفیق ملی۔ یہ قطعہ زمین گاؤں کے داخلی راستہ پر، گراں لاؤو سے آبی جان جانے والی سڑک سے ملحقہ ہے جس پر مسجد کی تعمیر کا آغاز آج کی تقریب سے شروع ہوگیا۔ الحمد للہ
اس تقریب میں ۸۰؍کے قریب افراد نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو احمدیت کی ترقی کا ذریعہ بنائے اور تمام احمدیوں کو اخلاص و ایمان کے ساتھ اسے آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ :لقمان فرید احمد۔ مبلغ سلسلہ گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ)