خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…دنیا کے بعض حصوں میں رمضان المبارک۱۴۴۵ھ کا چاند ۱۰؍مارچ جبکہ دیگر ممالک میں ۱۱؍ مارچ کی شام کو دیکھا گیا اور اس طرح رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ایک مرتبہ پھر ہماری زندگیوں میں آیا۔
٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۸؍مارچ ۲۰۲۴ء کے اختتام پر فلسطین اور دنیا کے عمومی حالات کے لیے دعا کی تحریک، نیز احمدیوں کو دعاؤں کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین فرماتے ہوئےتین ماہ کا راشن رکھنے اور ایٹمی تابکاری سے بچاؤ کے لیے ہومیوپیتھک کا حفظ ما تقدم نسخہ استعمال کرنے کی ہدایت فرمائی۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ فرمائیں الفضل انٹرنیشنل۱۱؍مارچ۲۰۲۴ء۔
٭…مورخہ ۹؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ برطانیہ کے زیر اہتمام مسجد بیت الفتوح میں اٹھارھویں سالانہ پیس سمپوزیم کا انعقاد ہوا جس میں اٹھائیس ممالک سے نمائندگان شامل ہوئے۔اس تقریب میں Liberal Democrats پارٹی کے سربراہ Sir Edward Jonathan Davey بھی شامل ہوئے ۔ مختصر تقاریر کے بعد ۲۰۲۰ء اور ۲۰۲۳ء کا احمدیہ عالمی امن انعام بھی دیا گیا اور حضور انورایدہ اللہ نے خطاب فرمایا جس میں قیام امن کے لیے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں لائحہ عمل پیش فرمایا۔ اس تقریب کی تفصیلی رپورٹ انشاءاللہ آئندہ کسی شمارے میں ملاحظہ فرمائیں۔
٭…مورخہ ۷ اور ۸؍مارچ ۲۰۲۴ء کی درمیانی شب میں احمدیہ قبرستان برموج گوئی، ضلع کوٹلی، آزاد جموں و کشمیر کی قبروں کی مذہبی دہشت گردوں کی طرف سے بے حرمتی کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق احمدیہ قبروں کے آٹھ کتبوں کو رات کے اندھیرے میں مسمار کرکے تباہ کردیا گیا۔یاد رہے کہ ماضی قریب یعنی چند روز قبل کوٹلی آزاد کشمیر میں جماعت احمدیہ کی مسجد پر حملہ ہوا تھا جہاں میناروں کو شہید کردیا گیا۔
٭…سلامتی کونسل نے سوڈان میں ماہ رمضان کے دوران جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے سوڈان میں جنگ بندی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا ہے کہ توقع ہے کہ سلامتی کونسل کے اکثریتی فیصلے کو تمام فریق تسلیم کریں گے۔
٭…امریکی صدر جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے دوران فلسطینی حامی کارکن نے احتجاج کیا۔امریکی شہر اٹلانٹا میں جوبائیڈن کی تقریر شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے گئے۔ فلسطین کے حامی کارکن نے نعرے لگائے کہ صدر جو بائیڈن تم ایک آمر ہو، فلسطین میں نسل کشی ہو رہی ہے۔احتجاج کرنے والے شخص نے چیخ کر کہا کہ تم کیا کرنے جا رہے ہو، ہزاروں فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
٭… پاکستان میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے الیکٹورل کالج کے ۴۱۱؍ووٹ حاصل کرکے صدارتی انتخاب جیت لیا ہے اور یوں وہ دوسری بار صدر کا عہدہ سنبھالنے والے پہلے سویلین صدر بن گئے ہیں۔ان کے مدمقابل پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کو۱۸۱؍ووٹ مل پائے جبکہ ۹؍ ووٹ مسترد کردیے گئے ۔زرداری سندھ سے منتخب ہونے والے مسلسل پانچویں صدر بھی ہیں۔ جماعت اسلامی اور جے یو آئی نے صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا۔
٭…سویڈن نیٹو کا نیا ممبر ملک بن گیا اور اب نیٹو کے رکن ممالک کی تعداد بتیس ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے سویڈن کے وزیر اعظم نے شمالی بحر اوقیانوس کے معاہدے سے الحاق کی اپنی دستاویز واشنگٹن ڈی سی میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کی حکومت کے پاس جمع کروائی۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے۔ نیٹو کی پالیسیوں اور فیصلوں کی تشکیل میں مساوی موقف کے ساتھ سویڈن اب نیٹو کی میز پر صحیح جگہ لے گا۔ دو صد سال سے زائد غیر جانبدار رہنے کے بعد سویڈن اب آرٹیکل پانچ کے تحت فراہم کردہ تحفظ سے لطف اندوز ہو رہا ہے جو اتحادیوں کی آزادی اور سلامتی کی حتمی ضمانت ہے۔ سویڈن اپنے ساتھ قابل مسلح افواج اور فرسٹ کلاس دفاعی صنعت لا یا ہے۔
٭…انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی۔ اب تک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاک افراد کی تعداد ۱۹؍ہوگئی ہے جبکہ۷؍افراد لاپتا ہیں۔مقامی حکّام نے بتایا کہ پانی میں ڈوبے علاقوں سے ۷۰؍ہزار افراد کا انخلا کیا گیا ہے۔جمعرات سے جاری بارشوں کے باعث سات سو گھر، ۲۸۰؍ایکڑ زرعی زمین، کئی پل اور سکول تباہ ہو گئے ہیں۔
٭…اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ خواتین کےلیے قانونی مساوات میں صدیوں کا وقت لگ سکتا ہے کیونکہ صنفی مساوات کی لڑائی وسیع پیمانے پر امتیازی سلوک اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف ایک مشکل جدوجہد بن جاتی ہے۔ انتونیو گوتریس نے ۸؍مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ خواتین کے لیے قانونی مساوات میں ۳۰۰؍سال لگ سکتے ہیں کیونکہ جب خواتین کے حقوق کی بات کی جاتی ہے تو اس کے خلاف پرتشدد ردعمل بڑھتا ہے۔ جنسی بنیاد پر تشدد کی وبا جاری ہے اور صنفی بنیاد پر تنخواہ میں کم از کم ۲۰؍فیصد کا فرق ہے، خواتین کی سیاست میں نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ گذشتہ سال سوڈان میں عصمت دری اور انسانی سمگلنگ کے واقعات سامنے آئے ہیں اور غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی کا شکار ہونے والے فلسطینیوں میں خواتین اور بچوں کی اکثریت ہے، غزہ میں محکمہ صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں شہادتوں کی تعدادتیس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔