مجلس انصار اللہ ناروے کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبیﷺ اور صحت سیمینار کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ مجلس انصار اللہ ناروے کو مورخہ ۳؍فروری ۲۰۲۴ء کومسجد بیت النصر کے مسرور ہال میں بعد از نماز ظہر وعصر قیادت تبلیغ کے تحت جلسہ سیرت النبیﷺ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ پروگرام میں شامل ہو کر انصار نے اس سے علمی اور روحانی استفادہ کیا۔
مکرم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب صدر مجلس انصاراللہ ناروے کی زیر صدارت جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم، اردو و نارویجن ترجمہ، حدیث اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر کی گئیں: ’’نبی کریمﷺ کے تبلیغ کے طریق‘‘ از مصور احمد شاہکار (مبلغ انچارج)، ’’آنحضورﷺ بطور داعی الیٰ اللہ‘‘ از عبدالاعلیٰ ناصر صاحب۔ ایک نظم کے بعد حمزہ راجپوت صاحب نے آنحضورﷺ کے بعض تبلیغی واقعات بیان کیے۔
پروگرام کے آخر پر انصار کے سوالات کے جواب دیے گئے۔ مکرم صدر مجلس انصاراللہ نے تمام شاملین جلسہ کا شکریہ ادا کیا اور حضرت مسیح موعودؑ کے ارشاد ’’قرب پانے کا میدان خالی ہے‘‘ پر روشنی ڈالی۔ دعا سے اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ وقفہ کے دوران شاملین کو ڈرائی فروٹ اور چائے پیش کی گئی۔ جلسہ میں کُل حاضری ۴۵؍ انصار رہی۔
صحت سیمینار
جلسہ سیرت النبیﷺ کے معاً بعد صحت سیمینار کا آغاز ہوا۔ اس دفعہ سیمینار کا موضوع بڑھاپے کے مسائل اور بھول جانے کی بیماری ’’Dementia‘‘ تھا۔ سیمینار میں دو لیکچرز پیش کیے گئے۔ پہلا لیکچر مکرم صدر مجلس انصاراللہ نے دیا جس میں آپ نے الفضل انٹر نیشنل کے شمارہ مورخہ ۱۶؍نومبر۲۰۲۳ء میں چھپنے والے اپنے ایک مفید مضمون ’’شام زندگی‘‘ کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کی شکل میں پیش کیا۔ حاضرین میں اس کے معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ دوسرا لیکچر ڈاکٹر صفدرمسعود ملک صاحب نے پیش کیا جس میں آپ نے dementiaکی ممکنہ وجوہات اور اس سے بچنے کے طریقے اور علاج کے بارے میں بتایا۔ دونوں پریزنٹیشنز کے بعد احباب کو سوالات کا موقع دیاگیا اور انصار نے اس موضوع اور اس کے علاوہ بھی صحت سے متعلق سوالات کیے اور ان کے جواب دیے گئے۔ انصار نے یہ پروگرام بہت پسند کیا۔
دعا سے اس پروگرام کا اختتام ہوا اور احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: رانامبشرمحمود۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ ناروے)