کلام حضرت مسیح موعود ؑ
فضائلِ قرآنِ مجید (منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام)
جمال و حُسنِ قرآں نور جانِ ہر مسلماں ہے
قمر ہے چاند اَوروں کا ہمارا چاند قرآں ہے
نظیر اس کی نہیں جمتی نظر میں فکر کر دیکھا
بھلا کیونکر نہ ہو یکتا کلامِ پاک رحماں ہے
بہارِ جاوداں پیدا ہے اُس کی ہر عبارت میں
نہ وہ خوبی چمن میں ہے نہ اُس سا کوئی بُستاں ہے
کلام پاک یَزْداں کا کوئی ثانی نہیں ہرگز
اگر لولوئے عُمّاں ہے وگر لعلِ بدخشاں ہے
خدا کے قول سے قولِ بشر کیونکر برابر ہو
وہاں قدرت یہاں درماندگی فرق نمایاں ہے
اگر اِقرار ہے تم کو خُدا کی ذاتِ واحد کا
تو پھر کیوں اسقدر دل میں تمہارے شرک پنہاں ہے
ہمیں کچھ کِیں نہیں بھائیو! نصیحت ہے غریبانہ
کوئی جو پاک دل ہووے دل و جاں اُس پہ قرباں ہے
(براہینِ احمدیہ حصہ سوم، روحانی خزائن جلد ۱ صفحہ ۱۹۸-۲۰۴)