خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…فلسطینی صدر محمود عباس نے محمد مصطفیٰ کو فلسطین کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا۔ نئے فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفیٰ معروف کاروباری شخصیت ہیں اور وہ ٹیکنوکریٹک حکومت کی سربراہی کریں گے۔ محمد مصطفیٰ کافی وقت سے فلسطینی صدر محمود عباس کے مشیر بھی تھے۔ محمد مصطفیٰ نے امریکہ سے تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور وہ ماہر معاشیات ہیں۔ یاد رہے کہ فروری میں فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ محمد اشتیہ نے غزہ میں حماس اور اسرائیل فوج کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے اپنے عہدے سےاستعفیٰ دیاہے۔
٭…برطانیہ میں انتہاپسندی کی نئی تعریف متعارف کروا دی گئی جس کا فوری طور پر اطلاق ہوگا۔ جس میں دوسروں کے بنیادی حقوق اور آزادی کی نفی یا تباہی کو تعریف کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ برطانیہ کے لبرل پارلیمانی جمہوری نظام اور جمہوری حقوق کو کمزور کرنا یا انہیں تبدیل کرنے کی کوشش کرنا بھی تعریف میں شامل ہے۔ نئی تعریف میں تشدد اور عدم برداشت پر مبنی نظریات کو فروغ دینے والے گروپس کو حکومتی فنڈنگ سے روک دیا جائے گا۔ وزیر کمیونیٹیز مائیکل گوو کا کہنا ہے کہ مسلمانوں اور یہودیوں کے خلاف بڑھتے جذبات سے نمٹنے کے لیے انتہا پسندی کی تعریف کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔