سپورٹس بلیٹن
فٹ بال:فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ءکے ایشین کوالیفائرز کے ۲۱ مارچ کو ہونے والے میچز میں اُردن نے پاکستان کو ۳۔صفر ،کرغزستان نے تائیوان کو۲۔صفر،جاپان نے شمالی کوریا کو۱۔صفر، آسٹریلیا نے لبنان کو۲۔صفر اور فلسطین نے بنگلہ دیش کو ۵۔صفرسے شکست دےدی۔دیگر میچز میں ازبکستان، ایران، انڈونیشیا، عمان، یواے ای،قطر،سعودی عرب،عراق اوربحرین کی ٹیمیں کامیاب رہیں۔ بھارت اور افغانستان کا مقابلہ بغیر کسی گول کےبرابررہا۔اسی طرح برما اور شام، چین اورسنگاپور، جنوبی کوریا اورتھائی لینڈ کے میچز بھی ڈرا ہوئے۔
فٹ بال کے ایک انٹرنیشنل دوستانہ میچ میں آسٹریا کے کرسٹوف باومگارٹنر (Christoph Baumgartner) نے سلواکیہ کے خلاف میچ کے ابتدائی صرف چھ سیکنڈز میں گول کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ ایک اور میچ میں جرمنی کے فلوریئن ورٹز (Florian Wirtz)نے فرانس کے خلاف ۷ سیکنڈز میں گول اسکور کیا۔
CONCACAF Nations Leagueکے تیسرے سیزن کے فائنل میں امریکہ نے میکسیکو کو۲۔صفر سے شکست دے کر لگاتار تیسری مرتبہ یہ ٹائیٹل جیت لیا۔تیسری پوزیشن کے میچ میں جمیکا نے پانامہ کو ۱۔صفر سے ہرایا۔
کرکٹ:سری لنکا اور بنگلہ دیش کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ۲۲تا۲۵؍مارچ ۲۰۲۴ء سلہٹ میں کھیلا گیا جس میں مہمان سری لنکن ٹیم نے ۳۲۸رنز سے شاندار فتح حاصل کی۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا اورسری لنکا نے پہلی اننگز میں ۲۸۰ رنز بنائے جس میں کپتان Dhananjaya de Silvaاور Kamindu Mendisکی بہترین سینچریاں شامل تھیں۔ان دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں ۲۰۲رنز کا اضافہ کیا۔بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی باری میں ۱۸۸ رنز بناکرآؤٹ ہوئی۔ جبکہ سری لنکا نے اپنی دوسری باری میں ۴۱۸رنز بناکر میزبان ٹیم کو جیت کے لیے ۵۱۱رنز کا بڑا ہدف دیا۔ سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں بھی Dhananjaya de Silvaاور Kamindu Mendis نے بالترتیب۱۰۸ اور ۱۶۴ رنز بنائے۔کھیل کے چوتھے روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم ۱۸۲ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کےفاسٹ باؤلر Kasun Rajithaنے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ۳۰؍مارچ سے چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔
انڈین پریمیئر لیگ:دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی اور مشہورترین ٹی ٹوینٹی لیگ انڈین پریمئیر لیگ(IPL)کے۱۷وَیں سیزن کا آغاز ۲۲؍مارچ ۲۰۲۴ء کو ہوا۔ افتتاحی مقابلہ رائل چیلنجرز بنگلورو (RCB) اورچینئی سپر کنگز(CSK) کے مابین چینئی میں کھیلا گیا۔ RCBنے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰ اوورز میں۶وکٹوں کے نقصان پر۱۷۳ رنز بنائے۔CSKنے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا اور ۴کھلاڑیوں کے نقصان پر۱۷۶رنز بنا کر فتح اپنے نام کی۔چینئی کی طرف سے کھیلتے ہوئے بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمٰن نے ۲۹رنز کےعوض ۴وکٹیں حاصل کیں اورمیچ کےبہترین کھلاڑی قرار پائے۔دیگرمیچوں میں پنجاب نے دہلی،کولکتہ نے حیدرآباد، راجستھان نے لکھنؤ اورگجرات نے ممبئی کو شکست دے کر اس سیزن میں فاتحانہ آغاز کیا۔
فارمولا ون ریسنگ:۲۴؍مارچ ۲۰۲۴ء کو رواں سیزن کی تیسری فارمولا وَن ریسAustralian Grand Prixمیلبرن میں منعقد ہوئی جس میں Ferrariکےاسپینش ڈرائیورCarlos Sainz Jnrنے فتح حاصل کی۔انہوں نے ۲۷۸.۵ کلومیٹر ٹریک کےمقررہ ۵۸ چکرایک گھنٹہ۲۰منٹ اور ۲۶سیکنڈزمیں پورےکیے۔ مناکو سےتعلق رکھنےوالےFerrari کے ڈرائیورCharles Leclerc نے دوسری جبکہ برطانیہ کے McLarenگاڑی چلانے والے Lando Norris نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ۷؍اپریل کو سیزن کی چوتھی ریس Japanese GP میں ہوگی۔
(رپورٹ: ن م طاہر)