مجلس انصار اللہ سویڈن کے تیسرے سالانہ ریفریشر کورس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ سویڈن کو اپنا تیسرا دو روزہ سالانہ ریفریشر کورس مورخہ ۳ و۴؍فروری ۲۰۲۴ءکو مسجد ناصر گاتھن برگ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس ریفریشر کورس میں مرکزی مجلس عاملہ انصاراللہ سویڈن کے ممبران کے علاوہ مجلس انصار اللہ سویڈن کی مقامی مجالس انصار اللہ کے عہدیداران نے شرکت کی۔
ساڑھے گیارہ بجے ریفریشر کورس کا افتتاحی اجلاس مسجد ناصر کے مین ہال میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں خاکسار (ناظم اعلیٰ ریفریشر کورس) نے حاضرین کی خدمت میں پروگرام کی تفصیل پیش کی جس کے بعد مکرم انور رشید صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن نے افتتاحی تقریر کی۔ دعا کے بعد حاضرین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ سویڈن کے انصار کی ۲۷؍مئی ۲۰۲۳ء کی ملاقات کی ویڈیو دکھائی گئی۔ اس کے بعد حضور انور کے مختلف مجالس انصار اللہ کو ہدایات پر مشتمل شعبہ وار تیار کردہ ویڈیو کلپس دکھائے گئے۔
نماز با جماعت پر حاضری کو بہتر کرنے کے لیے ریفریشر کورس میں ایک نماز سیشن رکھا گیا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ مجلس انصار اللہ سویڈن کی مجالس کے تمام نمائندے باہمی مشاورت سے مساجد یا نماز سنٹرز میں نماز با جماعت کی حاضری کے حوالے سے غور و فکر کریں اور تجاویز مرتب کریں۔ اس سیشن میں احباب نے خوب کھل کر اظہار خیال کیا اور مثبت تجاویز مرتب کی گئیں۔
نماز ظہر و عصر اور کھانے کے وقفہ کے بعد ساڑھے تین بجے ریفریشر کورس کی کارروائی دوبارہ جاری ہوئی۔ مرکزی قائدین باری باری اپنے شعبہ جات کی ہدایات پیش کرتے رہے۔متعلقہ منتظمین اور دوسرے اراکین بھی حسب ضرورت سوالات کرتے رہے جن کے جواب اور وضاحتیں قائدین کی طرف سے پیش کی جاتی رہیں۔
نماز مغرب و عشاء اور رات کے کھانے کے بعد ریفریشر کورس کا ایک دلچسپ پروگرام ’بزم ادب‘ لائبریری ہال میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا مقصد باہمی تعارف اور باہمی میل جول کو فروغ دینا تھا۔ پروگرام کی میزبانی مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نائب صدر صف اول نے کی۔ دلچسپ لطائف، اشعار اور واقعات کے علاوہ اس پروگرام کا سب سے اہم حصہ پروگرام میں موجود ہمارے بعض بزرگوں کے تعارف پر مبنی تھا۔ مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن بھی اس پروگرام میں تشریف لائے۔
مورخہ ۴؍فروری کو دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔نماز فجر کے بعدخاکسار نے درس دیا جس میں سال ۲۰۲۴ء میں سویڈن کے انصار کے مطالعہ کے لیے مقرر کتاب تحفہ قیصریہ کا نفس مضمون اور خلاصہ بیان کیا گیا۔
ناشتہ کے بعد بعض قائدین نے اپنے شعبہ کے منتظمین کے ساتھ میٹنگز کیں۔
ریفریشر کورس کے موقع پر شعبہ جات کی ہدایات و راہنمائی کے ساتھ ساتھ ایک ورزشی پروگرام بھی ترتیب دیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے ایک باؤلنگ ہال بک کروایا گیا تھا۔چنانچہ سب احباب ہال میں پہنچے اور ایک گھنٹے تک باؤلنگ سے محظوظ ہوئے۔
باؤلنگ ہال سے واپسی پر ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس مسجد ناصر میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد کے بعد خاکسار نے ریفریشر کورس کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عہدیداران سے درخواست کی کہ اب عمل کا وقت ہے۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ملاقات میں سویڈن کو دنیا بھر کے لیے ایک مثالی مجلس بننے کی جس خواہش کا اظہار فرمایا ہے اس کو پورا کرنے کی خاطر ہمیںہر شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مجلس نے اپنی اختتامی تقریر میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی روشنی میں اپنے اندر پاکیزہ تبدیلی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دعا کے ساتھ ریفریشر کورس اپنے اختتام کو پہنچا۔
نماز ظہر و عصر کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: چودھری عطاءالرحمان محمود، ناظم اعلیٰ ریفریشر کورس )