خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۹؍مارچ ۲۰۲۴ء کے اختتام پر رمضان کے دوران جماعتی ترقیات، یمن کے اسیران راہ مولیٰ نیز فلسطین کے مظلومین کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔تفصیل کے لیے ملاحظہ کریںصفحہ اوّل۔
٭…پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں رواں ماہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کی سرکاری رپورٹ کے مطابق صوبے کے پانچ اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف ۱۰۴؍آپریشنز میں ۵۲؍شدت پسند ہلاک ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دس کارروائیوں میں پینتیس دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں چھ چھ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔اسی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوہاٹ میں ایک کارروائی میں تین جبکہ باجوڑ میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں سے پانچ راکٹ لانچر، چوبیس پستول، انیس ایس ایم جی، تین مشین گن اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔
٭…پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے بشام میں منگل کو ایک مبینہ خودکش حملے میں پانچ چینی باشندے اور ان کا ایک پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہوا۔مقامی پولیس افسران کے مطابق مبینہ حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔ پاکستانی فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض غیرملکی عناصر اپنے ذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اور اس کی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں۔ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اپنی قوم اور اتحادی چین کے ساتھ مل کر دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کی بالواسطہ یا بلاواسطہ معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
٭…امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں فلسطین کی حمایت میں منفرد احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے خود کو امریکی بحریہ کے جہاز کی سیڑھی سے باندھ لیا۔ بحری جہاز اسرائیل کو مدد فراہم کرنے کے لیے غزہ جا رہا تھا۔رپورٹس کے مطابق احتجاج کرنے والی دس خواتین اور چار مردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
٭…غزہ میں امداد کے منتظر افراد پر ایک مرتبہ پھر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سترہ فلسطینی شہید اور تیس زخمی ہو گئے۔ دیرالبلاح میں مغازی پناہ گزیں کیمپ پر بھی اسرائیلی حملے میں تین فلسطینی شہید ہوئے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے لبنان میں اقوام متحدہ مشن کی گاڑی کے قریب شیلنگ کی مذمت کی ہے۔اسرائیلی شیلنگ میں اقوامِ متحدہ امن مشن کے تین اہلکار اور مقامی ترجمان زخمی ہوئے تھے۔
٭…غزہ جنگ بندی کے لیے قاہرہ میں مذاکرات اتوار کو دوبارہ شروع ہوئے۔ مذاکرات میں اب تک قابلِ عمل معاہدہ نہیں ہو سکا، مصر، قطر اور امریکہ نے مذاکرات کے پچھلے دور میں ثالثی کی کوششیں کی تھیں۔اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے دوحہ اور قاہرہ میں جنگ بندی مذاکرات کے نئے دور کے لیے گرین سگنل دیا تھا۔
٭…دنیا بھر میں مسیحی کمیونٹی نے اتوار کو ایسٹر کا تہوار منایا۔ مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو گڈ فرائیڈے کے دن مقبوضہ بیت المقدس میں مصلوب کیا گیا تھا اور وہ اتوارکو جی اٹھے تھے۔ گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا انعقاد کیا گیا، دعائیں کی گئیں۔