خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے الشفا ہسپتال کا محاصرہ کیے ہوئے تیرہ روز سے زائد ہو گئے۔ غزہ حکومت کے مطابق الشفا ہسپتال کے محاصرے میں چار صد سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال کے ارد گرد گھروں کو بھی تباہ کر دیا۔ علاوہ ازیں غزہ میں اسرائیل کی مسلسل جارحیت جاری ہے۔
٭…نیاگرا ریجن، کینیڈا کے حکام نے ۸؍اپریل کے مکمل سورج گرہن سے قبل اپنے علاقے میں ہنگامی صورت حال نافذ کر دی ہے۔یاد رہے کہ سورج اور چاند گرہن کے دوران حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف قوموں کی جانب سے خصوصی اقدامات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔نیاگرا کے ریجنل چیئر جم بریڈلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیاگرا خوفناک آسمانی واقعہ کا مشاہدہ کرنے کے لیے بہترین مقامات میں سے ایک ہے اور اس علاقے میں ہزاروں لوگوں کی آمد متوقع ہے۔احتیاط کے پیشِ نظر ایمرجنسی مینجمنٹ اینڈ سول پروٹیکشن ایکٹ (EMCPA) کے تحت نیاگرا ریجن کے لیے فعال طور پر ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا ہے جو کہ ۲۸؍مارچ سے ۸؍ اپریل تک نافذ العمل ہے۔
٭…رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں پچاس لاکھ سے زائد زائرین سعودی عرب پہنچ گئے، پچاس ہزار سے زائد اعتکاف میں بیٹھیں گے۔علاقائی مساجد میں بھی زائرین کی بڑی تعداد اعتکاف میں بیٹھے گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ زائرین کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے، اس سلسلے میں افرادی اور تکنیکی سہولتیں بڑھا دی گئی ہیں۔سربراہ حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کی سہولت اور آسانی کے لیے تمام وسائل بروئےکار لائےجائیں گے۔