احمدیہ ہسپتال واگادوگو برکینا فاسوکا خدمت خلق میں ایک اَور سنگ میل
٭… تین دن مفت علاج معالجے کی سہولت اور سالانہ ڈیڑھ لاکھ مریضوں کا علاج
اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینا فاسو کے دارالحکومت واگادوگو میں واقع احمدیہ ہسپتال ہر سال ترقیات کی منازل طے کرتا چلا جارہا ہے۔ ۲۰۰۴ءمیں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مبارک قدم اس ہسپتال میں پڑے اور آپ نے اس کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔ خلافت کی دعاؤں، شفقتوں اور راہنمائی سے آج یہ ہسپتال ایک بڑے ادارہ کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
احمدیہ ہسپتال کے موجودہ انچارج واقف زندگی ڈاکٹر کابورے ادریس صاحب نے محنت کر کے مریضوں اور کارکنوں کی سہولت کے لیے نئے انداز اپنائے ہیں۔ ان اقدامات میں سے سال میں دو دفعہ کارکنوں کو بونس کی شکل میں ریلیف دینا بھی شامل ہے۔ نئے سال کے موقع پر ایک اجتماعی تقریب منعقد کر کے ہسپتال کی سالانہ کارکردگی پیش کی جاتی ہے۔ اس کے سا تھ کارکنان کی خدمات اور اعلیٰ کارکردگی کے مطابق درجہ بندی کرکے انہیں مختلف انعامات اور تحائف سے نوازا جاتا ہے۔ اس اقدام سے کارکنوں کا حوصلہ بلند ہوتا اور کام کرنے کا جذبہ ترقی کرتا ہے۔
امسال یہ سالانہ تقریب مورخہ۲؍مارچ۲۰۲۴ءکو شام ساڑھے چار بجے ہسپتال کے خوبصورت لان میں منعقد ہوئی۔ مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینا فاسو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ آپ کے ساتھ علاقہ کے روایتی چیف اور دیگر معززین بھی شامل ہوئے۔ اسی طرح مرکزی مبلغین، مجالس عاملہ خدام الاحمدیہ،ممبرات لجنہ و انصارا للہ اور ممبران نیشنل مجلس عاملہ نےبھی تقریب میں شرکت کی۔
مسرور آئی انسٹیٹیوٹ برکینا فاسو میں خدمت کے لیے انگلستان سے آنے والے دو مہمان ڈاکٹرز، ڈاکٹر جگدیپ سنگھ گاندھی صاحب اور ڈاکٹر کلوندر سنگھ صاحب نے بھی اس تقریب میں بطور خاص شرکت کی۔معزز ڈاکٹر صاحبان نے کارکنان میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
ہسپتال کے تمام کارکنان ایک خاص یونیفارم میں ملبوس تھے جو اس موقع کے لیے خاص طور پر بنوایا گیا تھا۔ علاوہ ازیں وزٹنگ ڈاکٹرز، قریبی سرکاری ہسپتال کا عملہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ہسپتال کے ساتھ کام کرنے والے دیگر کئی اداروں کے لوگ بھی تقریب میں موجودتھے۔ تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ کے بعد پروگرام کا تعارف کروایا گیا۔ کارکنان کے نمائندہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک بزرگ مریض جن کا علاج احمدیہ ہسپتال میں ہوا تھا، انہوں نےاپنے خیالات بیان کرتے ہوئے ہسپتال کے عملہ، ڈاکٹرز کے تعاون اور طبی سہولیات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی توقعات سے بڑھ کر ہسپتال کے عملہ نے دوران علاج ان کا خیال رکھا۔
پھر انچارج ڈاکٹر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرنے کے بعد سالانہ رپورٹ پیش کی۔ کارکنان کو تحائف دینے کے لیے مختلف معزز مہمانوں کو بلایا گیا۔ امسال تحائف میں موٹر سائیکل، ریفریجریٹر، مائیکرو ویو اوون اور دیگر بنیادی ضروریات کی بہت ساری اشیاء شامل تھیں۔ کارکنان ان تحائف کو حاصل کرکے خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔مجموعی طور پر ۳۷؍کارکنان کو تحائف اور ۲۰؍کو اسناد خوشنودی سے نوازا گیا۔ تقریب کے آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کروائی۔ بعدازاں جملہ حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب کے ساتھ تمام کارکنان کا گروپ فوٹو ہوا۔
سالانہ رپورٹ:انچارج احمدیہ ہسپتال سومگاندے کی پیش کردہ رپورٹ کے مطابق اس بار سالانہ تقریب سے تین دن پہلے ہسپتال کی طرف سے متفرق سرگرمیاں کی گئیں۔ پہلے دن میں صحت کے حوالہ سے اقدامات کیے گئے جس میں بلڈ پریشر، ذیابیطس، ہیپاٹائٹس بی، گلے اور رحم کے کینسر کے علاوہ آنکھوں کے مفت چیک اپ کیے گئے۔ مندرجہ بالا بیماریوں کے لیے مجموعی طور پر ۹۳۵؍افراد کا مفت چیک اپ کیا گیا۔اس کے علاوہ ہسپتال کے کارکنان نے ۵۰؍بیگ خون عطیہ کیا۔
دوسرے دن کسودو کے سرکاری ہسپتال کے عملہ کے ساتھ دوستانہ فٹ بال میچ کھیلا گیا جو سرکاری ہسپتال کے عملہ نے تین ایک کے مقابلہ سے جیت لیا۔ اسی طرح ایک پیدل مارچ کیا گیا اور لوگوں کو صحت کے حوالہ سے آگاہی دی گئی۔
ان تین دنوں میں مفت علاج اور ٹیسٹ کروانے کی سہولت کی وجہ سے صبح سے شام تک ہسپتال میں مریضوں کا ہجوم رہا اور تین دنوں میں ایک ہزار کے قریب مفت ٹیسٹ کرنے کی سہولت دینا علاقہ کے غریب عوام کے لیے ایک بہت بڑا ریلیف تھا۔
تیسرے دن سال ۲۰۲۳ءکی مرتبہ سالانہ رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق کارکردگی حسب ذیل رہی:
خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ احمدیہ ہسپتال واگا دوگو میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب مریضوں کا آنا اس ادارہ پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ اس میں یقیناً عملہ کی شبانہ روز محنت اور لگن بھی شامل ہے۔
اللہ تعالیٰ احمدیہ ہسپتال کے عملہ کے ہاتھوں میں مزید برکت اور شفا عطا فرمائے اور اس ہسپتال سے دکھی انسانیت کی تکالیف کا مداوا ہوتا رہے۔ آمین
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)