بےنیاکرے، آئیوری کوسٹ میں مسجدنور کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کےفضل وکرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۹؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ آئیوری کوسٹ کے ریجن بسم (Bassam) کی جماعت بےنیاکرے(Béniakré) میں تعمیر کی گئی مسجد نور کے افتتاح کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس بابرکت تقریب کے مہمان خصوصی مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ تھے۔
بےنیا کرے اور اردگرد کے گاؤں میں معلم سلسلہ قاسم طورے صاحب مرحوم کے ذریعہ جماعت احمدیہ کا تعارف ہوا۔ ۲۰۰۹ء میں رضوان شاہد صاحب کا بطور مبلغ ریجن بسم میں تبادلہ ہوا۔ ۲۰۱۰ء کے اوائل میں ایک احمدی نے اپنا دوکمروں کا گھر جماعت کو دیا تاکہ اسے بطور مسجد اوراسلامی مدرسہ استعمال کیا جاسکے۔کچھ عرصہ تک یہ جگہ نماز سنٹر کے طور پر استعمال ہوتی رہی۔ ۲۰۱۰ءکے آخر میں ہی گاؤں کے افراد نے کچھ حصہ زمین برائے تعمیر مسجد دی۔ تاہم ۲۰۱۱ء میں ملکی سیاسی حالات کی خرابی کے باعث لمبا عرصہ یہاں کام نہ کیا جا سکا۔ چنانچہ اکتوبر ۲۰۱۶ءمیں گاؤں میں نئی جگہ زمین کی خرید کی گئی۔ستمبر ۲۰۱۷ءمیں منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب کا انعقاد کیا اور مکرم امیر صاحب نے سنگ بنیاد رکھا۔ تاہم بوجوہ یہ کام جاری نہ رہ سکا۔ایک وقفہ کے بعد فروری ۲۰۲۱ء میں مبشر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے تعمیر مسجد کا کام دوبارہ شروع کیا اور اگست ۲۰۲۱ء میں یہ کام تکمیل کو پہنچا۔
اس مسجد کی لمبائی ساڑھے بارہ میٹر اور چوڑائی ساڑھے دس میٹر ہے جس میں اندازاً ۱۵۰؍افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس مسجد پر دوبارہ آغاز تعمیر کے بعد تقریباً چار ملین فرانک سیفا کی لاگت آئی۔
مسجد کی افتتاحی تقریب کے بابرکت پروگرام کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور قصیدہ کے بعد مقامی روایات کے مطابق مکرم داؤد لوئے صاحب(Daouda loué) نے مہمانان کرام کو خوش آمدید کہا۔ سورو الحسن صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ بسم نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کا تعارف اور عقائد کا خلاصہ پیش کیا۔ بعد ازاں یحییٰ جیارہ صاحب معلم سلسلہ نے سیرت النبیﷺ پر تقریر کی۔پھر تقریب کے مہمانان کرام نے اظہار خیال کیا۔ ان مہمانان میں انصار دین جماعت کے مقامی سربراہ، ابواسوں گاؤں کا پولیس افسر، مقامی گاؤں کے چیف اور کوفکرا جماعت کے غیر از جماعت امام شامل تھے۔ مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کے بعد تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا سے مسجد کا افتتاح کیا۔ اس تقریب کے دوران غیر از جماعت مہمانان کرام کو جماعتی کتب بھی تحفۃً پیش کی گئیں۔ اس پروگرام کی کُل حاضری ۴۴۶؍افراد پر مشتمل تھی۔
اللہ تعالیٰ یہاں کےاحباب جماعت کو تعمیر مساجد کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تقویٰ کے ساتھ اسے آباد کرنے کی توفیق عطافرماتا جائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)