افریقہ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ لائبیریا کے نوویں نیشنل اجتماع کا انعقاد

(فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹر نیشنل لائیبیریا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۶و۲۷؍نومبر ۲۰۲۳ء کو لجنہ اماء اللہ لائبیریا کو اپنا نوواں نیشنل اجتماع شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول منروویا میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للہ علیٰ ذالک

اجتماع سے ایک روز قبل مورخہ ۲۴؍نومبر کو مختلف کاؤنٹیز سے ممبرات لجنہ و ناصرات کی آمد شروع ہوگئی تھی۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد خطبہ جمعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سنا۔

اجتماع کا پہلا روزو افتتاحی اجلاس:صبح گیارہ بجے اجتماع کا افتتاح مکرمہ عفت حلیم صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ لائبیریا اور مکرمہ Mamie Kamara صاحبہ نائب صدر نے پرچم کشائی سے کیا۔

تلاوت قرآن کریم،نظم اور عہد کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع کے لیے خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا اردو مفہوم

آپ کےسالانہ نیشنل اجتماع کے موقع پر محترمہ صدر صاحبہ لجنہ نے درخواست کی ہے کہ میں آپ کو ایک پیغام بھیجوں۔

جبکہ آپ یہاں جمع ہوئی ہیں، حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے منصوبہ کو ہمیشہ یاد رکھیں جنہوں نے جماعت میں ایمان کو فروغ دینے اور اسلام کا احیا جو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے کیا تھا، کے بارے میں آپ کی سمجھ کو وسیع کرنے کےلیے ۱۹۲۲ء میں لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی۔

اس موقع پر آپ کو اپنی روحانی اور اخلاقی اقدار کو بڑھانے اور اپنے سب سے اہم مقصد جو اللہ تعالیٰ کو راضی کرنا ہے کے لیے مسلسل کوشش کرنی چاہیے۔ لجنہ ا ماء اللہ کویہ اعزاز اور ذمہ داری حاصل ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کو اسلام کے سفیروں کے طور پر ڈھالیں جن کا کام کُل عالم میں امن اور اخلاقیات کوپھیلاناہے۔ اس اہم فریضہ کا لازمی جزو آپ کے بچوں کی تعلیم اور اخلاقی تشکیل کے لیے سعیٔ بلیغ کرنا ہے جو ہمارے مستقبل کے راہنما ہیں تاکہ انہیں معاشرے پر دیرپا اور مثبت نقوش چھوڑنے کے لیے بااختیار بنایا جاسکے۔

انسانیت کی خدمت اور اتحاد اور تعاون کو فروغ دے کر آپ نہ صرف خود کو بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ اجتماعی طاقت کوبھی مزیدتقویت دے سکتی ہیں۔ احمدی خواتین کے لیے اپنے اعمال کا خود جائزہ لینا اور اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ثابت قدم رہنا، خلافت کی وفادار اور فرمانبرداربننا نہایت اہم ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس راستہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائےاورآپ کے اجتماع میں ڈھیروں برکتیں نازل فرمائے۔آمین

٭…٭…٭

اس کے معاًبعد ’دیانت داری اور سچائی‘ کے موضوع پر نعمت الٰہی صاحبہ نے اور ماں حاجہ صاحبہ نے ’مالی قربانی‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ اس اجلاس میں ناصرات کی طرف سے ترانے اور مختلف عناوین پر مختصر تقاریر بھی پیش کی گئیں۔

اجتماع کے پروگرام کا دوسرا حصہ:دن کا دوسرا حصہ علمی و ورزشی مقابلہ جات کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ امسال تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، تقاریر اور دینی معلومات علمی مقابلہ جات میں شامل کیے گئے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں ریس سو میٹر، ریلے ریس، سپون ریس، سیک ریس اور میوزیکل چیئرز شامل کیے گئے۔

اجتما ع کا دوسراروزواختتامی اجلاس:صبح ساڑھے دس بجے مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کی زیر صدرات اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت و نظم کے بعد ماما کور صاحبہ نے ’احمدی اور غیر احمدی مسلمانوں میں فرق‘ کے موضوع پر اور ہالہ منصور صاحبہ نے ’اطاعت خلافت‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ اجتماع کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ نے مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے والی ممبرات میں انعامات تقسیم کیے۔ دعا کے بعد لجنہ و ناصرات نے نظمیں اور ترانے پیش کیے جس کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

اجتماع کے دوران دیگر سرگرمیاں

مجلس شوریٰ: اجتماع کے پہلے اور دوسرے روز شوریٰ کے اجلاسات بھی منعقد ہوئے جن میں۶۸؍ممبرات کو نمائندگی کا موقع ملا۔

وال میگزین اورفنون و دستکاری:پرچم کشائی کے بعد ممبرات لجنہ و ناصرات کو وال میگزین کی طرف لے جایا گیا جسے ممبرات لجنہ و ناصرات نے تیار کیا۔ اس پر آیات و احادیث مبارکہ،حضرت مسیح موعودؑ، خلفائے کرام کے ارشادات اور دعائیہ کلمات درج کیے گئے تھے۔اس کے علاوہ ممبرات لجنہ اماء اللہ و ناصرات کے مختلف اجلاسات کی تاریخی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں۔

لجنہ و ناصرات کی طرف سے تیارکردہ دستکاری کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

روٹ مارچ: اجتماع کے دوسرے روز نماز تہجد، فجر، درس اور ناشتہ کے بعد ممبرات لجنہ و ناصرات سفید لباس اور صد سالہ جوبلی کے لوگو والے سکارف میں ملبوس روٹ مارچ کے لیے روانہ ہوئیں جس کی مسافت ایک کلومیٹر تھی۔ اس میں قریباً ۳۰۰؍ممبرات نے شرکت کی۔ تمام شاملین نے ہاتھوں میں مختلف جماعتی تعارفی بینرز اور بورڈزاٹھارکھے تھے۔ دوران مارچ لجنہ و ناصرات بآواز بلندنعرہ ہائے تکبیر اور لَآاِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کاورد کرتی رہیں جو گزرنے والوں کی توجہ کا خاص مرکز تھا۔ اس مارچ کے دوران۴۰۰؍سے زائدپمفلٹس بھی تقسم کیے گئے۔ اس مارچ کو کنٹرول کرنے میں ٹریفک پولیس کا تعاون بھی حاصل رہا۔

ویڈیو پیکج اور دینی معلومات:نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی اور کھانے سے فراغت کے بعدایک ویڈیو پیکج دکھایا گیا جو ناصرات اور لجنہ اماء اللہ لائبیریا کے اجتماعات، جلسہ سالانہ اور جوبلی تقریبات کی تاریخی تصاویر اور ویڈیوز پر مشتمل تھا۔ اس کے بعد ممبرات لجنہ و ناصرات کی ذہنی آزمائش کے لیے دینی معلومات کے سوالات پوچھے گئے اور ان میں انعامات تقسیم کے گئے۔

حاضری:امسال اجتماع میں ۹؍کاؤنٹیز سے ممبرات نے شرکت کی جن کی کُل تعداد۳۲۲؍رہی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ تمام ممبرات کو اجتماع کی برکات کا حقیقی وارث بنائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button