مجلس انصار اللہ گنی بساؤ کا نیشنل اجتماع
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ گنی بساؤ کو مورخہ یکم تا۳؍مارچ ۲۰۲۴ء بافاٹا ریجن میں اپنا نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔اجتماع کی تیاری کے حوالے سے تمام علاقوں میں پہلے سے اطلاع کر دی گئی تھی اور اجتماع کا نصاب بھی سب جماعتوں میں مہیا کر دیا گیا تھا تاکہ انصار بھرپور تیاری کے ساتھ اجتماع میں شامل ہوسکیں۔
اجتماع کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جو کہ تینوں دن باقاعدگی سے باجماعت ادا کی گئی۔ اس کے علاوہ نماز فجر کے بعد درس القرآن، نماز عصر کے بعد درس حدیث اورملفوظات حضرت مسیح موعودؑ اور نماز مغرب کے بعد مختلف موضوعات پر تقاریر کی گئیں۔
اجتماع کے اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور عربی قصیدہ سے ہوا۔ اس کے بعد صدر مجلس انصاراللہ مکرم محمد کمارہ صاحب نے تقریر کی۔ انصاراللہ کی علمی صلاحیتوں کو صیقل کرنے کے لیے علمی مقابلہ جات بھی رکھے گئے۔علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، مقابلہ دینی معلومات اور مقابلہ تقریر شامل تھے۔ ان تین دنوں میں مختلف موضوعات پر لیکچرز بھی دیے گئے جن میں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم بطور رحمۃ للعالمین، امام المہدی کی آمد اور اس کے نشانات، نماز باجماعت کی اہمیت اور مالی قربانی کے فوائد اور اہمیت جیسے موضوعات شامل تھے۔ انصاراللہ کے لیے ورزشی مقابلہ جات کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں رسہ کشی، نشانہ غلیل، آنکھوں پر پٹی باندھ کر اشیاء کو ڈھونڈنا وغیرہ شامل تھے۔ اختتامی تقریب میں مکرم محمد احسن میمن صاحب مشنری انچارج گنی بساؤ نے خلفائے کرام کی مجلس انصاراللہ سے توقعات اور ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اجتماعی دعا سے یہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں ۲۰۰؍سے زائد انصار نے ملک بھر کے دُور دراز علاقوں سے شرکت کی۔
(رپورٹ:زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)