ربوہ کا موسم (۱۲تا۱۸؍اپریل۲۰۲۴ء)
مورخہ ۱۲؍اپریل جمعۃ المبارک کے دن موسم گرم اور خشک رہا ۔ دوپہر کے وقت کچھ بادل سورج کے سامنے آگئے۔رات گئے تک ٹھنڈی ہوا نے سماں باندھے رکھا۔ لوگوں نے شام کے وقت میدانوں ، گلیوں اور اپنے گھرکی اوپر کی چھتوں پر خوب چہل قدمی کی اور موسم کا لطف اٹھایا۔ ہفتہ کے دن صبح ہی سے گہرے بادل چھا ئے ہوئے تھے ، دن میں اندھیرا محسوس ہوتا تھا، ٹھنڈی تیز ہوا رواں دواں تھی۔ صبح سے شام تک بلکہ رات تک بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اتوار کے موسم کی بھی کچھ اسی قسم کی کیفیت تھی۔ فجر کے معاً بعد ہی بارش شروع ہوگئی۔یخ ٹھنڈی ہوا نے موسم میں سردی کو بڑھادیا۔ اپریل کے وسط میں اس طرح ٹھنڈا موسم پہلی مرتبہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ سوموار کے دن بھی مطلع ابر آلود تھا، ٹھنڈی ہوا چلتی رہی، دوپہر کے وقت کچھ دیر کے لیے بادل ہلکے ہوئے لیکن پھر گہرے ہوگئے کچھ دیر بوندا باندی بھی ہوئی۔ منگل کو مطلع صاف ہونے کے ساتھ ساتھ ہوا چلتی رہی۔ بدھ کو سارا دن بادل چھائے رہے، لگتا تھا کہ ابھی بارش ہوگی، لیکن بارش نہ ہوئی اور سورج بھی نہ نکلا، بس ہلکی ٹھنڈی ہوا چلتی رہی۔ جمعرات کی فجر کے وقت مطلع صاف تھا۔ تاہم اس کے بعد صبح کے وقت ہی بادل چھا گئے، کچھ دیر کے لیے ہلکی بارش ہوئی اور چھڑکاؤ ہوگیا۔ سارا دن تیز ٹھنڈی ہوا چلتی رہی جس سے دھوپ کے باوجود فضا میں خنکی ہوگئی ۔ رات گئے تک ٹھنڈی ہوا رواں دواں رہی ۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۳۲؍ اور کم سے کم ۱۹؍تھا۔(ابو سدید)