لجنہ اماءاللہ پریری ریجن، کینیڈا کی چند تنظیمی سرگرمیاں
کینیڈا کے دو صوبوں سسکیچیواناور منی ٹوبا پر پھیلا ہوا پریری ریجن پانچ مجالس سسکاٹون ساؤتھ ویسٹ، سسکاٹون بیت العافیت، سسکاٹون بیت الرحمت، ریجائنا اور ونی پیگ پرمشتمل ہے۔ اس ریجن کی لجنہ اماءاللہ کی چند سرگرمیوں کی رپورٹ کچھ یوں ہے۔
۱۵سے۲۵؍سال کی عمرکی ممبرات لجنہ اماءاللہ اورناصرات کا سالانہ ونٹر کیمپ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۷؍دسمبر ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ لجنہ اماء اللہ پریری ریجن کےزیرِاہتمام ۱۵سے۲۵؍سال کی عمرکی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کا ریجنل تربیتی کیمپ مسجد بیت الرحمت سسکاٹون میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا تمام ایجنڈا اور معلوماتی پریزنٹیشنز بھی نیشنل شعبہ جات تعلیم اور تربیت سےموصول ہوئی تھیں۔ گوکہ یہ کیمپ شدید سردی کے موسم میں ہوامگرحاضری اللہ تعالیٰ کےفضل سےخوش کُن رہی۔ ۱۵۷؍ شاملات نے ان پروگرامز کو بہت سراہا اورمستقبل میں بھی مزید اسی طرز کے پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کااظہارکیا۔
ریجائنا اور ونی پیگ کی مجالس نےمسافت کی دُوری کی وجہ سے اپنی اپنی مجالس میں اس ونٹرکیمپ کاانعقاد کیا۔ اس دینی و روحانی مجلس کےاختتام پرخاکسار (ریجنل صدرپریری ریجن)نے تمام ممبرات اورکارکنات کاشکریہ ادا کیا اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کےمحبتِ الٰہی سےمتعلق اقتباسات پیش کیے اور اجتماعی دعا کروائی۔
واقفینِ نو کا سالانہ اجلاس
کینیڈا بھر کے نیشنل کیلنڈر کے مطابق ۱۰یا۱۱؍فروری کو واقفین نو کا پروگرام یا اجلاس ہوتا ہے جس میں والدین کوبھی مدعوکیاجاتاہے۔ اس اجلاس کامقصد والدین کوان کےواقفین نو بچوں کی تربیت سےمتعلق ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانے کےساتھ ساتھ اُن تک حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکےقیمتی ارشادات و نصائح جو واقفین نو بچوں کی تعلیم وتربیت کےبارے میں از حد ضروری ہیں پہنچانا ہوتا ہے۔ اسی طرح سے اس پروگرام میں والدین اور واقفین نو بچوں کے سوالات کےجواب بھی دیے جاتے ہیں۔
سسکاٹون میں یہ اجلاس مورخہ ۱۱؍فروری۲۰۲۴ء بروز اتوار بعد نماز ظہرہوا۔ واقفین نو لڑکوں کااجلاس مسجد بیت الرحمت سسکاٹون کے مردانہ ہال میں جبکہ واقفات نَو نےمستورات کےہال میں اپنی ماؤں کے ساتھ اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ ہر دو اجلاسات کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ لجنہ کے ہال میں تقاریر کے دوران حضور انور کی واقفین نو سے متعلق ہدایات و راہنمائی سے بھرپور ویڈیوکلپس دکھائے گئے۔ لجنہ ہال سے ملحقہ لابی میں شعبہ وقف نو سے متعلق بہت خوبصورت بینرز اور معلوماتی پوسٹرز رکھے گئے تھے۔ حضور انور کو خطوط لکھنے کے لیے ایک علیحدہ میزمخصوص تھی۔ اس پروگرام سے ۱۶۸؍واقفات اور ماؤں نے استفادہ کیا۔ دعا کےبعدحاضرات کی خاطر مدارت دال چاول سے کی گئی۔
ریجنل رشتہ ناطہ سیمینار
مورخہ ۱۱؍فروری۲۰۲۴ء بروز اتوار مسجد بیت الرحمت سسکاٹون میں پریری ریجن کےزیر اہتمام رشتہ ناطہ کی ریجنل ورکشاپ منعقدہوئی۔ اس سیمینار کا مقصد ممبرات تک اسلام کی خوبصورت تعلیمات پہنچانا تھا اور یہ بتانا تھا کہ رشتہ کی اصل اور بنیاد تقویٰ اورقول سدید پرہونی چاہیے۔ اس سیمینار کاآغازتلاوت قرآنِ کریم سےہوا۔ خاکسارکواس پروگرام کےآخرپر ’’بچوں کےمناسب رشتے تلاش کرنے میں ماؤں کا کردار اور ذمہ داریاں‘‘ اور ’’رشتوں کی تلاش میں ہم کفو سے کیامراد ہے‘‘ کے عنوان پر ایک پریزنٹیشن پیش کرنےکاموقع ملا۔ یہ پریزنٹیشن کتاب ’’عائلی مسائل اور اُن کا حل‘‘ سےزریں اورقیمتی نصائح پرمشتمل اقتباسات سےتیارکی گئی تھی۔ اس پروگرام میں ۹۳؍ماؤں نے شرکت کی۔ الحمدللہ
آٹھویں سےبارہویں کلاس کی طالبات کا سالانہ ریجنل تعلیم و تربیت کیمپ
مورخہ ۹؍مارچ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ مسجد بیت الرحمت سسکاٹون میں آٹھویں سے بارہویں کلاس کی طالبات کے لیے سالانہ تعلیم وتربیت کیمپ بعنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی زندگی میں معجزات کاظہور‘‘کا انعقاد ہوا۔
اس کیمپ کی تمام تقاریر اور پریزنٹیشنز بہت ہی دلچسپ اور ازدیاد علم وایمان کاباعث تھیں۔ ۵۵؍بچیوں نے اس کیمپ سے استفادہ کیا۔ ان تمام ریجنل پروگرامز کی تیاری، ضیافت اور پیشکش میں ریجنل عاملہ ممبرز اور لوکل صدرات کےعلاوہ بہت سی کارکنات نےمددکی۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو اجرعظیم سے نوازے۔آمین
اللہ تعالیٰ سےدُعاہے کہ وہ ان تمام دینی وروحانی مجالس کےبہترین نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: بشریٰ نذیر آفتاب۔ریجنل صدر پریری ریجن، کینیڈا)