نیشنل والی بال ٹورنامنٹ مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کے شعبہ صحت جسمانی کے زیر اہتمام والی بال ٹورنامنٹ مورخہ ۳؍مارچ ۲۰۲۴ء کو ہالینڈ کے شہر Utrecht میں منعقد کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد خدام میں کھیلوں اور ورزش کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور بھائی چارہ کے ماحول کی فضا پیدا کرنا تھا۔
اس ٹورنامنٹ میں چھ ریجنز سے ۹؍ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران محبت اور بھائی چارہ کا ماحول دیکھنے کو ملا اور خدام نے نظم و ضبط کا خیال رکھا۔ اس پروگرام میں کافی ایسے خدام تھے جو پاکستان سے ابھی نئے نئے آئے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دوران وقفہ رکھا گیا تھا جس میں نماز ظہر وعصر ادا کی گئیں۔ اس کے بعد صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ مکرم سعید احمد جٹ صاحب (مربی سلسلہ) نے خدام کو نصائح کیں۔ اس کے بعد خدام کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
تمام ٹیموں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل ایسٹ ہالینڈ اور سینٹرل ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہوا جو کہ سینٹرل ہالینڈ نے جیت لیا۔ جیتنے والی ٹیم کو انعام دیا گیا۔ آخر پر تمام خدام نے صدر صاحب مجلس کے ساتھ گروپ فوٹو بنائی۔ الحمد للہ یہ ٹورنامنٹ بہت کامیاب رہا۔
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)