سویڈن میں نیشنل جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو اپنا جلسہ یوم مسیح موعود مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ بعد نماز عصر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ جلسہ نیشنل سطح پر آن لائن منعقد ہوا۔ احباب جماعت اپنی اپنی مساجد اور نماز سینٹرز میں اکٹھے ہوکر اس آن لائن جلسہ میں شامل ہوئے۔
جلسہ کا آغاز مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں صدر اجلاس نے اپنی افتتاحی تقریر میں شاملین جلسہ کو ان مقاصد کو پورا کرنے کی طرف توجہ دلائی جن کے لیے اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ کو مبعوث فرمایا ہے۔ طارق یوسف صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو نے واقفین کے لیے خلفائے کرام کی بعض ہدایات پیش کیں اور تلقین کی کہ واقفین نو اپنی زندگی کے ہر قدم پر حضرت خلیفۃالمسیح سے راہنمائی لیں۔ بعد ازاں مصعب رشید ڈوگر صاحب مبلغ سلسلہ گوتھن برگ نے سویڈش زبان میں ’’مطالعہ کتب حضرت مسیح موعودؑ کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد تین نوجوانوں کی ایک ٹیم نے حضرت مسیح موعودؑ کی ذات پر مخالفین کی طرف سے اٹھائے جانے والے بعض اعتراضات کے مدلل جواب ڈسکشن کی صورت میں پیش کیے۔
جماعت سویڈن کی درخواست پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت قاصد معین احمد صاحب ایڈیٹر الحکم کی بطور مہمان مقرر اس جلسہ میں شمولیت کی اجازت عطا فرمائی تھی۔ مہمان خصوصی نے ’’ضرورت امام اور حضرت مسیح موعودؑ کی آمد‘‘ کے موضوع پر جلسہ کی اختتامی تقریر بزبان انگلش کی۔ دعا سے جلسہ کا اختتام ہوا۔
جلسہ کی مناسبت سے ملک بھر سے بچوں اور بچیوں نے مختصر ویڈیو کلپس تیار کر کے بھجوائے تھے جو کہ مختلف تقاریر کے درمیانی وقفہ میں چلائے جاتے رہے۔ جلسہ پر مردو خواتین کی کُل تعداد ۵۸۸؍رہی۔ یوٹیوب پر ۶۸۰؍سے زائد مشاہدین رہے۔ جلسہ کے اختتام پر تمام جماعتوں میں شاملین جلسہ کے لیے افطار کا بھی انتظام تھا۔ افطار کے بعد نماز مغرب و عشاء اور تراویح ادا کی گئی۔
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)