خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۰؍مئی ۲۰۲۴ء کے اختتام پر دنیا کے عمومی جنگی حالات کے لیے دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ فلسطین کے لوگوں کے لیے بھی دعا کرتے رہیں۔ حالات لگتا ہے کہ بہتر ہورہے ہیں، پھر خراب ہوجاتے ہیں۔اس سے قبل یمن اور پاکستان کے اسیرانِ راہِ مولیٰ خصوصاً صدر لجنہ اماء اللہ یمن کے لیے دعا کی تلقین فرمائی کہ اللہ تعالیٰ ان کے رہائی کے سامان پیدا فرمائے۔تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں صفحہ اوّل۔
٭… دوحہ سے جاری بیان میں حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ثالثی ممالک کی پیش کردہ تجاویز کو مسترد کردیا۔ اسرائیل کی تجاویز میں ترامیم کے مطالبہ سے مذاکرات پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ہمارے مذاکراتی وفد نے کافی حد تک لچک دکھائی۔ ہماری تحریک نے غزہ میں جنگ بندی کےلیے ذمہ دارانہ اور مثبت رویہ اختیار کیا۔ مذاکراتی حکمت عملی پر نظرثانی کےلیے دیگر فلسطینی جماعتوں سے صلاح مشورہ کیاجارہاہے۔
٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ حماس یرغمالیوں کو رہا کرتا ہے تو کل ہی جنگ بندی ہوجائے گی۔ اسرائیل نے رفح پر چڑھائی کی تو اسے ہتھیار فراہم نہیں کریں گے۔ معصوم شہریوں کے قتل عام کے لیے توپ خانے اور گولہ بارود اسرائیل کو نہیں دیں گے۔ دوسری جانب اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بم باری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہو گئے۔
٭… غزہ جنگ میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے معقول شواہد کی تلاش سے متعلق جائزہ، جمعے کو کانگریس میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے خلاصے میں جاری کیا گیا۔ اسرائیل کی جانب سے، غزہ میں امریکہ کے فراہم کردہ ہتھیاروں کے استعمال میں ممکنہ طور پر بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے، لیکن فلسطینی علاقوں میں جنگ کے حالات کے باعث امریکی حکام مخصوص فضائی حملوں میں اس بات کا تعین نہیں کر سکے۔امریکہ غزہ جنگ میں اسرائیلی فورسز کے حملوں میں مخصوص امریکی ہتھیاروں کے استعمال کو انفرادی حملوں سے فوری طور پر منسلک نہیں کر پایا، لیکن انتظامیہ کے لیے مستقبل میں اسرائیل کو مخصوص ہتھیاروں کی فراہمی روکنے سے متعلق فیصلے کرنے کی راہ آسان ہو گئی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا جائزہ ہے جس کے لیے کانگریس میں صدر بائیڈن کے ساتھی ڈیموکریٹس نے زور دیا تھا۔ یہ جائزہ سات ماہ کے فضائی حملوں، زمینی لڑائیوں اور فلسطینی علاقے میں امداد کی فراہمی پر پابندیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس لڑائی میں اب تک ۳۵؍ہزار کے لگ بھگ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے۔ اسرائیل حماس جنگ ۷؍اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع ہوئی جس میں بارہ سو اسرائیلی مارے گئے تھے اور ۲۵۰؍یرغمال بنا لیے گئے تھے۔
٭…گذشتہ اکیس برسوں میں اب تک کا سب سے طاقتور ترین شمسی طوفان زمین سے ٹکرا گیا، جس کے سبب سیٹلائٹس اور پاور گرڈز میں خلل پیدا ہوا ۔امریکن میڈیا کے مطابق شمسی طوفان کے نتیجے میں پیدا ہونے والا ارضیاتی مقناطیسی طوفان جی فائیو لیول تک پہنچ گیا ہے، یہ اکیس سال میں پہلی بار جی فائیو لیول تک پہنچا ہے، جس سے جی پی ایس، سپیس کرافٹ، سیٹیلائٹ و دیگر ٹیکنالوجیز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ بروز ہفتہ زمین سے ٹکرانے والا شمسی طوفان ۲۰۰۳ء کے بعد سے اب تک کا سب سے طاقتور ترین طوفان ہے، جس کے سبب آسٹریلیا کے علاقے تسمانیہ سے برطانیہ تک آسمانی روشنی کا شاندار نظارہ کیا گیا جو اس ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گا۔
٭…جمعہ کی شب مقناطیسی طوفان کے باعث برطانیہ کے مختلف مقامات پر ناردرن لائٹس کے دلفریب مناظر اس وقت دیکھنے میں آئے جب برطانیہ کے مختلف علاقوں میں آسمان پر سبز اور جامنی رنگ نمایاں ہوگئے۔ برطانیہ میں ڈربی شائر، ایسیکس، برکشائر اور کینٹ میں ناردرن لائٹس کا نظارہ کیا گیا۔ National Oceanic and Atmospheric Administrationکے Space Weather Prediction Centerکے مطابق سورج سے خارج ہونے والے مادے کے بادلوں کا پہلا جھنڈ ہفتہ کی صبح زمین سے ٹکرایا۔یاد رہے کہ ۲۰۰۳ء میں آنے والے شمسی طوفان کے باعث سویڈن میں بلیک آؤٹ ہوگیا تھا جبکہ جنوبی افریقہ میں بجلی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا تھا۔