خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… حج کا موسم قریب ہے۔سعودی عرب کی مختلف وزارتوں کی جانب سے عازمین حج کے لیے مختلف قسم کی جدید سہولیات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔
٭…عازمین حج کے ہموار اور محفوظ سفر کے حوالےسے سعودی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے وزیر صالح الجاسر نے عرب میڈیا کو بتایا ہے کہ اس سال حج کے دوران اُڑنے والی ٹیکسیوں اور ڈرون سروسز کا تجربہ کیا جائے گا تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشنز کو یقینی بنایا جا سکے اور ہمارے مہمانوں کو یہاں قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کی جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بتدریج توسیع دیکھی گئی ہے اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وزارت نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کروائے اور حجاج کے فائدے کے لیے اسے استعمال کرنے کے لیے بہترین طریقے کا تعین کرے۔
٭…جنوبی افریقہ کی جانب سے دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کےخلاف غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے مقدمہ میں ترکی کے بعد مصر نے بھی اسرائیل کے خلاف فریق بننے کا اعلان کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق مصر کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف غزہ میں نسل کشی کرنے کے الزام میں درج کیس میں فریق بن رہا ہے۔واضح رہے کہ مصر کی جانب سے اکتوبر میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے بعد سے تل ابیب کے خلاف اس کا یہ سخت ترین اقدام ہے۔
٭…اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں مکمل کامیابی تک فوجی آپریشن سے دستبردار نہیں ہوں گے، ہمیں اپنے دفاع کے لیے کسی کی ضرورت نہیں ہے ہم اپنا دفاع خود کریں گے، ہمیں امریکی فوجیوں کی ضرورت ہے نہ کسی اور کی۔ حماس راہنماؤں اور جنگجوؤں کی غزہ پٹی سے ملک بدری زیر غور ہے۔ مکمل جنگ بندی حماس کی جانب سے ہتھیار ڈالنے اور یرغمالیوں کی رہائی پر منحصر ہے۔ حماس کی موجودگی میں غزہ پٹی کا انتظام مقامی لوگوں کے سپرد نہیں کیا جا سکتا۔
٭…اسرائیلی فوج نے سپریم کورٹ سے ۷؍اکتوبر واقعات کی تحقیقات روکنے کا مطالبہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ۷؍اکتوبر واقعات اور ذمے داران کے خلاف تحقیقات فورسز کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی کابینہ کا اجلاس بدھ کو متوقع ہے۔اجلاس میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کی بحالی پر تبادلہ خیال ہو گا۔
٭…بھارتی ریاست اترپردیش میں سڑک پر بندر کی وجہ سے ہونے والے کار حادثے میں بینک کے مینیجر سمیت تین بینک ملازمین جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ بندر کو بچاتے بچاتے علی گڑھ کی شاہراہ پر ایک تیز رفتار ٹینکر نے کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ تیسرا متاثرہ شخص دورانِ علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
٭…مالدیپ کے صدر محمد معیزو کے حکم پر ۷۶؍بھارتی دفاعی اہلکاروں کے مالدیپ چھوڑ جانے کے بعد وزیر دفاع غسان مامون نے اعتراف کیا ہے کہ مالدیپ کی فوج کے پاس اب بھی ایسے پائلٹ موجود نہیں ہیں جو بھارت کی جانب سے دیے گئے تین طیاروں کو چلا سکیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ معاہدے کے تحت مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس کے کچھ فوجیوں نے انہیں اڑانے کی تربیت شروع کر دی تھی تاہم وہ اپنی تربیت مکمل نہیں کر پائے۔اس لیے اب ہمارے پاس ان دو ہیلی کاپٹرز اور ڈورنیئر کو اڑانے کے لیے لائسنس یافتہ فوجی اہلکار موجود نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ مالدیپ اور بھارت کے درمیان تعلقات اس وقت شدید تناؤ کا شکار ہوگئے جب مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے بھارتی افواج کو ۱۰؍مئی تک جزیرہ چھوڑنے کا الٹی میٹم دیا تھا۔
٭… انڈونیشیا کے صوبے ویسٹ سماٹرا میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں ۴۱؍افراد ہلاک اور ۱۷؍لاپتہ ہو گئے۔ پولیس، فوج اور مقامی ریسکیو کے دستے لاپتا افراد کی تلاش کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ماؤنٹ میراپی آتش فشاں پھٹنے سے سرد لاوا بہ کر نیچے آبادی کی جانب آگیا، جس کی وجہ سے سڑکیں اور چاول کی فصلیں کیچڑ سے بھر گئیں، گاڑیاں بہ گئیں جبکہ گھروں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔سڑکوں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
٭… چین کے جنوب مغربی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب سے رہائشی علاقے زیر آب آگئے ہیں، جبکہ سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے۔ پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا۔ کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہوگئیں۔چین کے جنوبی علاقوں میں اگلے دس روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔