خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… اسرائیل میں مظاہرے جاری ہیں اور اب وہاں مظاہرین کی جانب سے فوری انتخابات کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے یروشلم کو دیگر شہروں سے ملانے والی شاہراہ بند کر دی اور وہاں علامتی بیلٹ باکس رکھ دیا۔پولیس نے اسرائیلی مظاہرین کی پروفائلنگ کے لیے ویڈیو گرافی شروع کردی ہے، جس کے باعث مظاہرین کو مستقبل میں حکومتی سروس کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔علاوہ ازیں اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں حکومت کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا اور غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی مغویوں کو زندہ واپس لانے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب امریکی شہر نیویارک میں بھی فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ میں جنگ بندی کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔
٭… قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے سلوواکیہ کے وزیراعظم رابرٹ فیکو کی حالت مستحکم لیکن بدستور تشویشناک ہے۔سلوواکیہ کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رابرٹ کو دارالحکومت براٹسلاوا کے ہسپتال منتقل کرنے میں کئی روز لگیں گے۔رابرٹ فیکو فی الحال بنسکا بائٹریکا قصبے کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
٭… سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ملاقات کی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات سعودی عرب کے شہر دہران میں ہوئی جس میں غزہ جنگ اور سٹریٹجک معاہدوں کے حتمی مسودوں کا جائزہ لیا گیا۔سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات میں غزہ میں جنگ روکنے اور انسانی امداد کے داخلے میں سہولت کی ضرورت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیک سلیوان غزہ جنگ پر بات چیت کے لیے اسرائیل بھی جائیں گے۔