مجلس انصار اللہ ناروے کی دو روزہ سپورٹس ریلی کا انعقاد
مجلس انصار اللہ ناروے ہرسال انصار کی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے مختلف پروگرام ترتیب دیتی ہے۔ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ناروے کو مورخہ ۲۷و۲۸؍اپریل۲۰۲۴ء کو دو روزہ سپورٹس ریلی Skedsmokorsetکے ایک بڑے ہال Tærud Hallen میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔فالحمدللہ
اس سپورٹس ریلی کے لیے جنوری۲۰۲۴ء میں ہی ایک کمیٹی مکرم رانا طاہر محمود صاحب قائد صحت جسمانی کی نگرانی میں بنادی گئی تھی جس نے بھر پور محنت سے اس سپورٹس ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے کام کیا۔امسال چار مختلف مقابلوں میں بیڈمنٹن، نشانہ بازی، والی بال اور پہلی دفعہ کرکٹ کو بھی شامل کیا گیا۔ ہر کھیل کے لیے اس کے ناظم اور نائب ناظم مقرر کیے گئے ۔
مورخہ ۲۷؍اپریل پروز ہفتہ صبح دس بجے سپورٹس ریلی کا باقاعدہ آغاز مکرم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب صدر مجلس انصار اللہ ناروے کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد صدرمجلس نے اپنی مختصر تقریر میں انصارکو صحت مند رہنے کے لیے مختلف نصائح کیں اور پھر قائدصحت جسمانی نے سپورٹس ریلی میں ہونے والےمقابلوں کا پروگرام پیش کیا۔
پہلے دن بیڈمنٹن اور نشانہ بازی کے مقابلے ہوئے۔ بیڈمنٹن کے مقابلے تین کیٹگری میں ہوئے جس میں کُل ۱۱؍ٹیموں کے ۲۲؍انصار نے حصہ لیا۔ جبکہ نشانہ بازی میں کُل ۳۰؍انصار نے حصہ لیا۔ ریفریشمنٹس کے لیے ٹھنڈے مشروب اور فروٹس کا انتظام کیا گیا تھا۔ مقابلوں کے درمیان تین بجے کھانے کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد ہال میں ہی نماز ظہر وعصر ادا کی گئیں۔ نماز کے فوراً بعد غیر رسمی گفتگو میں انصار اللہ کے مختلف پروگراموں میں حاضری بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا گیا جس کے بعد مقابلہ جات جاری رہے۔ پہلے دن کا اختتام شام چھ بجے ہوا۔
دوسرے دن کا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم صدرصاحب مجلس انصار اللہ نے مختصر ہدایات دیں اور مکرم قائدصاحب صحت وجسمانی نے آج کے پروگرام کی تفصیل پیش کی۔ دوسرے دن والی بال اور کرکٹ کے مقابلے ہوئے۔ والی بال کےمقابلہ میں کُل پانچ ٹیموں کے ۳۵؍انصار شامل ہوئے۔ نماز ظہروعصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد کرکٹ کے مقابلے ہوئے۔کرکٹ کی کُل چار ٹیموں کے ۳۲؍انصار شامل ہوئے۔ مقابلوں کے دوران انصار کی خدمت میں ریفریشمنٹس پیش کی جاتی رہیں۔ انصارنے تمام مقابلوں میں بھڑچڑھ کر حصہ لیا اور ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے۔
سپورٹس ریلی کی اختتامی تقریب مسجد بیت النصر اوسلو میں بوقت چھ بجے زیرصدرت مکرم صدر مجلس انصار اللہ منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مکرم صدر صاحب نے مختصر تقریر میں صحت مند مومن کی تعریف پیش کی اور سپورٹس ریلی کے منتظمین، کھانا تیار کرنے والی ٹیم اور تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ تمام پروگرام بروقت اور بہت اچھے ماحول میں منعقد ہوئے۔ آخرمیں صدرمجلس نے مقابلے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ دعا کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس سپورٹس ریلی میں شاملین کی کُل حاضری ۱۰۷؍رہی۔
(رپورٹ: عامرمحمود۔ قائداشاعت مجلس انصاراللہ ناروے)