جامعہ احمدیہ جرمنی کی سالانہ کھیلوں ۲۰۲۴ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جامعہ احمدیہ جرمنی کو اپنی سالانہ کھیلیں مورخہ یکم تا ۳؍مئی ۲۰۲۴ءجامعہ کے احاطہ اور ریڈشٹڈ شہر کے فٹ بال گراؤنڈ TSV Goddelau میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
افتتاحی تقریب کا آغا ز شعیب عمر صاحب استاد جامعہ احمدیہ جرمنی کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں موصوف نے حضرت مصلح موعودؓ کی زرّیں ہدایات کی روشنی میں صحت اور ورزش کی اہمیت کوواضح کیا اوردعا کروائی جس کے بعد طلبہ فٹ بال گراؤنڈ چلےگئے اور کھیلوں کا آغاز ہوا۔
جامعہ احمدیہ جرمنی میں بعض اجتماعی کھیلوں کےابتدائی میچز مثلاً والی بال اور باسکٹ بال وغیرہ دوران سال کروائے گئے جبکہ فائنل یا تیسری پوزیشن کے لیے مقابلہ جات ان تین ایام کے دوران کروائے گئے۔ اس کے علاوہ بہت سے انفرادی مقابلہ جات بھی منعقد کیے گئے جیسا کہ تھالی پھینکنا، گولہ پھینکنا،نیزہ پھینکنا، لمبی چھلانگ،دوڑ ایک ہزار میٹر، ۱۰۰؍میٹرریلے ریس،ثابت قدمی،گاڑی کھینچنا وغیرہ۔
تینوں دن نماز ظہر و عصر تک گراؤنڈ میں میچز ہوتے رہےاور نماز ظہر وعصر اور دوپہر کے کھانے کے لیے طلبہ جامعہ واپس آتے اور بقیہ مقابلہ جات جامعہ کی گراؤنڈ اور ہال میں منعقد کروائے جاتے۔ وقتاً فوقتاً مہمان بھی تشریف لاتے رہے۔
کھیلوں کا تیسرا اور آخری دن جمعۃ المبارک کا دن تھا۔ مقابلہ جات کے اختتام پر طلبہ و اساتذہ نے جامعہ واپس آ کر نماز جمعہ ادا کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ سنا۔ اس کے بعد طلبہ واساتذہ کی مکرم پر نسپل صاحب جامعہ احمدیہ جرمنی کے ساتھ گروپ فوٹو ہوئی۔
قریباً چار بجے سہ پہر کھیلوں کےآخری مقابلہ روک دوڑ کا آغازہوا۔ یہ مقابلہ کھیلوں میں سب سے زیادہ دلچسپ ہوتا ہے جس میں طلبہ مختلف رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے اس دوڑ کو مکمل کرتے ہیں۔ کم سے کم وقت اور درست انداز میں تمام رکاوٹیں عبور کرنے والے کھلاڑی پوزیشنز کے حقدار قرار پاتے ہیں۔ مقابلہ کے آغاز میں حضرت مصلح موعودؓ کا ایک مختصر اقتباس بھی پڑھ کر سنایا جاتا ہے جسے مقابلہ کے آخر پر تمام رکاوٹوں کو عبور کرنے کے بعد وہ ارشادطلبہ زبانی سناتے ہیں۔ ڈیوٹی پر متعین اور مریض طلبہ کے علاوہ سب نے اس مقابلہ میں حصہ لیا۔
شعبہ وائنڈاَپ نے شام سے قبل تمام جگہوں پر وقارعمل کیا اور یوں بفضل اللہ تعالیٰ جامعہ احمدیہ جرمنی کی سالانہ کھیلیں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: حامد اقبال۔ استاد جامعہ احمدیہ جرمنی)