فلسطین، سوڈان نیز یمنی اور پاکستانی احمدیوں کے لیے دعا کی تحریک
امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۳۱؍ مئی ۲۰۲۴ء میں دنیا کے موجودہ حالات کے تناظر میں احمدیوں کو خصوصی طور پر دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا: دعا کی طرف مَیں توجہ دلاتا رہتا ہوں، فلسطینیوں کے لیے خاص طور پر دعا کریں۔ اب تو انتہا ہوگئی ہے۔ رفح کے بارے میں پہلے امریکہ کہتا تھا کہ یہ ہماری red line ہوگی اور اب کہتے ہیں کہ نہیں، ابھی نہیں ختم ہوئے۔ ان کی red line کا پتا نہیں معیار کیا ہے، کتنے لاکھ لوگوں کو انہوں نے مارنا ہے پھر ان میں کوئی ہل چل پیدا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ ان ظالموں سے دنیا کو نجات دے اور معصوم فلسطینیوں کو بھی نجات دے۔ اسی طرح سوڈان کے لوگوں کے لیے دعا کریں۔ وہاں تو خود اپنی قوم کے لوگ مسلمان مسلمانوں کو مار رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو بھی عقل دے اور یہ اللہ تعالیٰ کی پکڑ سے بچنے والے ہوں اور مسلمان کہلاتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے احکامات پرعمل کرنے والے بھی ہوں۔ یمن کے اسیران کے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ان کی رہائی کے سامان پیدا فرمائے۔ پاکستان کے احمدیوں کے لیے دعا کریں۔ وہاں بھی حالات اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں۔ جبکہ عید قریب آرہی ہے مولوی ان دنوں میں مزید سرگرم ہوجاتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہر احمدی کو ہر شر سے محفوظ رکھے۔ اسیران کی رہائی کے بھی جلد سامان پیدا فرمائے۔ (آمین)