گیمبیا کے لوئر ریور ریجن میں جلسہ یوم خلافت اور تقریب آمین کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کے جماعتی سکول طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو کو مورخہ یکم جون ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ جلسہ یوم خلافت اور تقریب آمین منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للہ
تقریب آمین کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور حدیث سے ہوا۔ بعدازاں وقت کی مناسبت سے چار بچوں کو سٹیج پر بلایا گیا اور ان سے قرآن کریم کے کچھ حصے سنے گئے۔ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے سکول میں کُل ۲۷؍ بچوں نے قرآن کریم پہلی بار مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بعدازاں خاکسار (مربی سلسلہ) نے اسلام میں خلافت کی ضرورت اور برکات پر چند کلمات کہے۔ اجتماعی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
اسی طرح جماعت احمدیہ مانساکونکو کو مورخہ ۲؍جون ۲۰۲۴ء بروز اتوار بعد از نماز عصر جلسہ یوم خلافت منعقد کرنے کی بھی توفیق ملی۔الحمد للہ علیٰ ذالک۔ یوم خلافت کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے اس دن کو بھرپور طور پر منانے کی غرض سے اطفال، خدام اور ناصرات میں چہل احادیث یاد کرنے کا مقابلہ کروایا، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ میں سے سوالات کا اور ایک مقابلہ فٹ بال کا کروایا گیا۔ حدیث اور خطبہ جمعہ کے مقابلوں میں ٹیمیں بناکر سوال وجواب کے پروگرام کروائے گئے۔
بروز اتوار بعد ازنمازعصر جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور حدیث سے ہوا۔ اس کے بعد ’’نظام خلافت اور برکات خلافت‘‘ کے عنوان پر ایم ٹی اے کی تیارکردہ ڈاکومنٹری دکھائی گئی جوکہ احباب نے بڑے شوق سے دیکھی۔ اس کے بعددو تقاریر ہوئیں: ’’خطبات حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سننے کی اہمیت ‘‘ از مکرم محمد کماٹے صاحب معلم سلسلہ اور ’’اطاعتِ خلافت‘‘ از مکرم سید سہیل احمد صاحب۔ تقاریر کے بعد مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے اطفال اور خدام میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس کے بعد خاکسار نے عہد خلافت دہرایا جوکہ تمام شاملین نے ساتھ کھڑے ہوکر پڑھا۔ عہد کے بعد اجتماعی دعا اور گروپ فوٹو ہوئی اورتمام شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)