سپورٹس بلیٹن
فٹ بال:یورپین فٹ بال چیمپئن شپ۲۰۲۴ء کے افتتاحی میچ میں میزبان جرمنی نے اسکاٹ لینڈ کو ایک کےمقابلے میں پانچ گول سےشکست دےدی۔گروپ اے کے دوسرے میچ میں سوئٹزرلینڈنے ہنگری کو۳۔۱سے ہرایا۔گروپ بی میں سپین نے کروشیا کو تین،صفر اور اٹلی نے البانیہ کودو،ایک سے شکست دی۔گروپ سی میں انگلینڈنےسربیاکےخلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کی جبکہ ڈنمارک اور سلوینیاکا مقابلہ ۱۔۱گول سے برابر رہا۔گروپ ڈی میں نیدرلینڈزاور فرانس نےپولینڈاورآسٹریاکوبالترتیب ۲۔۱ اور ۱۔صفرسےمات دی۔گروپ ای میں رومانیہ نے یوکرائن کو۳۔صفر جبکہ سلواکیہ نےعالمی نمبرتین بیلجیم کوصفرکے مقابلے میں ایک گول سے ہراکرسب کو حیران کردیا۔یوئیفایورو۲۰۲۴ءکے مقابلے جرمنی کے دس شہروں میں کھیلے جارہے ہیں ،جس میں یورپ کی ۲۴بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ٹورنامنٹ کا فائنل ۱۴؍جولائی کو ہوگا۔
فیفاورلڈکپ ۲۰۲۶ءکے ایشین کوالیفائرزمیں ۱۱؍جون کو کھیلے گئے میچز میں تاجکستان نے پاکستان کو۳۔صفر،اردن نے سعودی عرب کو ۲۔۱،قطرنے بھارت کو۲۔۱ اورکویت نے افغانستان کو۱یک صفرسے شکست دے دی۔دیگرمقابلوں میں آسٹریلیانے فلسطین، جنوبی کوریانے چین،جاپان نے شام اورلبنان نے بنگلہ دیش کوہرایا۔ایران اور ازبکستان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابررہا۔ایشین کوالیفائرکے دوسرے مرحلے کےبعد۱۸؍ٹیموں نے تیسرےاورفیصلہ کن مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔فلسطینی ٹیم پہلی مرتبہ ایشین کوالیفائرکے آخری راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔شام،بھارت،تاجکستان،ملائیشیااورتھائی لینڈ کی ٹیمیں اچھی کارکردگی کے باوجوداگلے مرحلے میں رسائی حاصل نہ کرسکیں۔
کرکٹ:ویسٹ انڈیزاور یوایس اے میں جاری مینزٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کےپہلے مرحلے کے بعد بیس میں سے آٹھ ٹیموں نے super eightمرحلےمیں جگہ بنالی۔گذشتہ ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کی رنراَپ پاکستانی ٹیم کاسفر پہلے راؤنڈ میں ہی اختتام پذیرہوا۔اسی طرح نیوزی لینڈاور سری لنکا کی ٹیمیں بھی دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل نہ کرسکیں۔گروپ اے میں یوایس اےاورآئرلینڈ کا اہم میچ فلوریڈاکے لاؤڈرہل گراؤنڈ میں بارش کی نذرہوا،جس کی بدولت پہلی بارٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کھیلنے والی امریکی ٹیم نے سپرایٹ میں جگہ بنانے کے ساتھ ساتھ ۲۰۲۶ء کے ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔ گروپ اے میں انڈیاپہلے تین میچز جیتنے کے بعدٹاپ پر رہی۔تاہم ان کا آخری میچ کینیڈاکے خلاف بارش کے باعث منسوخ ہوا ۔گروپ بی میں آسٹریلیااپنے چاروں میچزجیت کرپہلی پوزیشن پررہی جبکہ انگلینڈنے نمیبیااورعمان کے خلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرکے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔سکاٹ لینڈ کو اپنے آخری اوراہم میچ میں آسٹریلیاکے ہاتھوں شکست کاسامناکرناپڑا۔گروپ سی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ناقابل شکست رہی۔ میزبان ٹیم نےاپنے آخری گروپ میچ میں افغانستان کےخلاف۱۰۴؍رنزسے شاندارکامیابی حاصل کی۔نکولس پوران (Nicholas Pooran)نے۵۳؍گیندوں پر۹۸؍رنزکی بہترین اننگزکھیلی،ویسٹ انڈیزکے۲۱۸؍رنزکے جواب میں افغانستان کی ٹیم ۱۱۴؍کے اسکورپرڈھیرہوگئی۔تاہم افغانستان اپنے ابتدائی تین میچ جیت کرگروپ میں دوسرے نمبرپررہی۔گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ نے چاروں مقابلوں میں کامیابی سمیٹی جبکہ بنگلہ دیش تین میچز جیت کراگلے مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوا۔سپر ایٹ راؤنڈ کے گروپ ایک میں بھارت،آسٹریلیا،افغانستان اور بنگلہ دیش جبکہ دوسرے گروپ میں یوایس اے،انگلینڈ،ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں نبردآزماہوں گی جس کے بعد چاربہترین ٹیموں کے مابین سیمی فائنل مقابلے ہوں گے۔
ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء کے روزانہ کے میچزکی رپورٹ اور اہم ریکارڈز سے باخبررہنے کے لیےروزنامہ الفضل انٹرنیشنل کی ویب سائٹ کے درج ذیل لنک پر کلک کریں۔ https://www.alfazl.com/category/aalmi-khabrain/sports/world-t20-2024/
(ن م طاہر)