امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
مورخہ29؍اپریل تا 05؍ مئی 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:
٭… 29؍ اپریل بروزسوموار:حضورِ انور صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب جامعہ احمدیہ یوکے، جرمنی اور کینیڈا کی تقریب تقسیم اسناد کو منور کرنے کی غرض سے جامعہ احمدیہ یوکے تشریف لے گئے۔ حضور انور نے فارغ التحصیل مربیان کو اسناد سے نوازا نیز شاملینِ تقریب سے انتہائی بصیرت افروز خطاب فرمایا ۔ اس کے بعد تینوں جامعات کے فارغ التحصیل مربیان کرام نیز طلبا،اساتذہ و کارکنان جامعہ یوکے نے اپنے پیارے امام کی معیت میں تصاویر اتروانے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد حضور انور نے نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ بعد ازاں حضور انور کی بابرکت معیت میں تمام حاضرین کے لیے ظہرانہ کا انتظام تھا ۔ اس پروگرام کی تفصیلی رپورٹ قارئین الفضل انٹرنیشنل گزشتہ شمارہ میں ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔
٭… 02؍ مئی بروزجمعرات: حضورِانورنے مسجد مبارک اسلام آباد میں نمازِ عصرپڑھانے کے بعد ایک نکاح کی تقریب کو برکت بخشی۔ مکرم عطاء المجیب راشد صاحب (امام مسجد فضل لندن)نے نکاح پڑھایا جبکہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس نکاح کے بابرکت ہونے کے لیے دعا کروائی اور فریقین کو مبارکباد دی۔
٭… 03؍ مئی بروزجمعۃ المبارک:حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اخلاص و وفا کے پيکر چند بدري اصحابِ رسولﷺ کي سيرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمایا ۔ نیز صاحبزادی صبیحہ بیگم صاحبہ (اہلیہ محترمہ مکرم صاحبزادہ مرزا انور احمد صاحب مرحوم) کا ذکر خیر فرمایا اور انکی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لیے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔
٭…حضورِ انور نے نمازِ عصرسے قبل مسجد مبارک اسلام آباد کے باہر تشریف لا کر مکرمہ احمدہ بیگم صاحبہ(اہلیہ مکرم چوہدری محمدیعقوب صاحب۔کرائڈن )کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز9؍نماز جنازہ غائب بھی پڑھائے۔
٭… 04؍ مئی بروز ہفتہ :آج دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ فارغ التحصیل مبلغین کرام کینیڈا 2018ء نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔
٭…حضورِ انور نے مسجد مبارک اسلام آباد میں نمازِ عصر پڑھانے کے بعددرج ذیل3 نکاحوں کا اعلان فرمایا اوران نکاحوں کے بابرکت ہونے کے لیے دعا کروائی۔ نیز فریقَین کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔
٭…عزیزہ لبینہ ندرت بنت مکرم حمید احمد بھٹی صاحب (ربوہ)ہمراہ مکرم وجاہت احمد صاحب (متعلم درجہ شاہد۔ جامعہ احمدیہ ربوہ) ابن مکرم حفاظت احمد صاحب۔
٭…عزیزہ نائلہ صنوبر منان بنت مکرم میاں مقصود منان صاحب (کارکن MTA۔ یوکے) ہمراہ مکرم عمر محمد رزاق صاحب ابن مکرم میاں ظفر احمد رزاق صاحب (امریکہ)
٭…عزیزہ نائلہ فرحت بنت مکرم فرحت اللہ ضیاء صاحب (کینیڈا) ہمراہ مکرم محمد احمد شاہد صاحب (یوکے) ابن مکرم شاہد عمر ناصر صاحب (ناروے)
ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے چار روز دفتری جبکہ پانچ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، مربیانِ سلسلہ اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔
اس عرصہ کے دوران112؍ فیملیز اور63؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لیے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق16؍ ممالک سے تھا جن میںامریکہ، کینیڈا، جاپان، جرمنی، ہالینڈ، سویڈن، ناروے، فن لینڈ، سوئٹزر لینڈ، بیلجیئم، آئرلینڈ، انڈونیشیا، انڈیا، پاکستان، یوکے اور ایک عرب ملک شامل ہیں۔
اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا
٭…٭…٭