یورپ (رپورٹس)

39واں سالانہ اجتماع لجنہ اماء اللہ ہالینڈ

اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے حضور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاوٴں سے لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کا 39واں سالانہ اجتماع کامیابی کے ساتھ 10 اور 11؍ستمبر 2022ء کو منعقد ہوا۔ اس اجتما ع کا انعقاد کورونا کی وبا کی وجہ سے 3سال بعد ہوا۔

اجتماع کا پروگرام اور مقابلہ جات کا سلیبس تمام صدرات کو پہلے ہی بھجوا دیا گیا تھا اور کوشش کی گئی تھی کہ تمام ممبرات لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ تک سلیبس پہنچایا جائے۔ اس کے لیے اجتماع کے حوالے سے ویڈیوز بھی بنا کر لجنہ اماء اللہ کو بھیجی گئیں اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز مثلاً واٹس ایپ اور ٹویٹر کے ذریعے بھی اجتماع کی تشہیر کی جاتی رہی۔

اجتماع کی تیاری

لجنہ اماء اللہ کے اجتماع کا انعقاد ماضی میں ہمیشہ بیت النور نن سپیت میں ہوا کر تا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے گز شتہ کچھ سالوں میں لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کی تجنید میں خاطر خواہ اضافہ کی وجہ سے امسال بیت النور نن سپیت میں اجتماع کروانا ممکن نہیں تھا اورا یک بڑی جگہ کی ضرورت تھی۔ اس کے لیے ہالینڈ کے مختلف شہروں میں اجتماع کے لیے موزوں جگہ کی تلاش کا کام شروع کیا گیا۔ آخر کار لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کو المیرے میں بیت العافیت سے محض پانچ منٹ کی دوری پر اجتما ع کے لیے جگہ مل گئی اور اس جگہ کو اجتماع کے لیے بک کرلیا گیا۔

دورانِ اجتماع سرگرمیاں

اجتماع کے دوران علمی مقابلہ جات کے علاوہ ضیافت اور نما ئش کے مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف شعبہ جات کی طرف سے اسٹالز لگائے گئے تھے جن میں وصیت، اشاعت، خدمت خلق، رشتہ ناطہ، ہیومینٹی فرسٹ اور ہالینڈ مسجد فنڈ شامل تھے۔ علاوہ ازیں بازار کے تحت کچھ اسٹالز لگائے گئے تھے۔

اجتما ع کا پہلا روز

10؍ستمبر 2022ء بروز ہفتہ

اجتماع کے پہلے روز ہفتہ کی صبح نو بجے تمام ناظمات اپنی اپنی ٹیمز کے ساتھ اجتماع گاہ پہنچ گئی تھیں۔ تمام ناظمات کو ان کے شعبہ کے حوالے سے ہدایات پہلے ہی دی جاچکی تھیں۔

نو بجے شعبہ رجسٹریشن نے اپنا کام شروع کیا۔ شعبہ رجسٹریشن کے ساتھ شعبہ صحت جسمانی نے مل کر تمام آنے والے مہمانوں کی کورونا ویکسینیشن اور نیگیٹو کورونا ٹیسٹ چیک کیے۔ کورونا ٹیسٹ کٹس ضرورت پڑنے پر اجتماع گاہ میں بھی دستیاب تھیں۔

دس بجے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک، عہد اور نظم کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد مقابلہ اردو تقاریر اور نومبائعات کے سوال و جواب کی نشست کا انعقاد ہوا اور اس کے بعد قرآن کریم کے لفظی ترجمہ کا امتحان ہوا۔

ان مقابلہ جات کے بعد کھانے کا وقفہ ہوا۔ کھا نے کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعد دوبارہ پروگرام کا آغاز کیا گیا جس میں نظم، ڈچ تقاریر اور کوئز کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ مقابلہ جات کے بعد امورِ طالبات کی صدر کے لیے الیکشن بھی ہوا۔ اس کے بعد رات کا کھانا پیش کیا گیا۔

اجتماع کا دوسرا روز

11؍ستمبر 2022ء بروز اتوار

اتوار کی صبح نو بجے تمام ناظمات اپنی اپنی ٹیمز کے ساتھ اجتماع گاہ پہنچ گئی تھیں۔ پروگرام کا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن پا ک سے ہوا۔ اس کے بعد حسنِ قراءت اور قصیدہ کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ بعد ازاںکھانے کا وقفہ ہوا جس کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔

اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نظم سے کیا گیا۔ اس کے بعد بیت بازی کا مقابلہ منعقد ہوا۔ بیت بازی کے مقابلہ کے بعد لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کو انعامات دیے گئے۔ اس کے بعد صدر لجنہ اماء اللہ ہالینڈ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ آخر میں پروگرام دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پروگرام کے بعد لجنہ اماء اللہ نے مل کر وقارِ عمل کیا جس کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔

حاضری

اجتماع کے موقع پر لجنہ اماء اللہ کی حاضری 379تھی، ناصرات 103تھیں اور بچوں کی تعداد 120تھی۔ الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کا انعقاد ہر لحاظ سے مبارک فرمائے ۔آمین

(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button