جماعت احمدیہ مالٹا کی سالانہ بک فیسٹیول میں شرکت
ماہ نومبر میں مالٹا ہر سال نیشنل بک فیسٹیول کا انعقاد کرتا ہے۔ MFCC مالٹا کی سب سے بڑی بین الاقوامی کانفرنس اور نمائش کا مقام ہے جو اس قسم کی تقریب کے انعقاد کے لیے بہت ہی موزوں جگہ ہے اور کتابوں اور فن و ثقافت سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک غیر معمولی ماحول پیش کرتا ہے۔ الحمدللہ اس سال پھر اس بک فیسٹیول میں جماعت احمدیہ مالٹا کو اپنا بک سٹال لگانے کا موقع ملا جس میں انگریزی اور مقامی مالٹی زبان میں جماعتی لٹریچر رکھا گیا۔
نیشنل بک فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح 22؍نومبر 2022ء کو ہوا۔ 23 تا 27؍نومبر مجموعی طور پر 5 دن تک بک فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ کتاب میلے میں ریکارڈ تعداد میں 49بک سٹال لگائے گئے جنہیں ہزاروں زائرین نے وزٹ کیا۔
الحمدللہ، ہم بہت سے لوگوں سے بات چیت شروع کرکے اور انہیں کتابیں دے کر رابطہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ہم نے انہیں یہ بھی بتایا کہ وہ احمدیہ مسلم جماعت کے بارے میں مزید کتابوں اور معلومات کے لیے ہماری ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔ مالٹی زبان میں کتابوں کی ایک اچھی تعداد بشمول ورلڈ کرائسز اینڈ دی پاتھ وے ٹو پیس دلچسپی رکھنے والے زائرین میں تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر لوگوں کے سوالات کے جوابات دینے کی بھی توفیق ملی۔ کچھ مہمانوں نے کچھ مخصوص کتابیں طلب کیں اور ہم نے انہیں مزید کتابوں کے لیے جماعت کے دفتر اور لائبریری کو وزٹ کرنے کا کہا تاکہ ان کے ساتھ مزید گفتگو کا موقع مل سکے۔
حافظ وقاص احمد صاحب کو کتابی میلے کے دوران جماعتی بک سٹال کو منظم کرنے اور جماعت کے ارکان کو ڈیوٹی کے فرائض سونپنے کے لیے انچارج مقرر کیا گیاتھا۔ کتاب میلے کے دوران 14 افراد جماعت نے وقت دیا اور خدمت کی توفیق پائی۔ سب خدمت کرنے والوں نے اس بک فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے بہت محنت اور لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیے۔ اللہ تعالیٰ سب خدمت کرنے والوں کو جزائےخیر و اجرعظیم سے نوازےاور انہیں دونوں جہانوں کی حسنات و برکات کا وارث بنائے۔ آمین
(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا)