آسٹریلیا (رپورٹس)

جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے موقع پر احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کے لیے ایک اعزاز کا اعلان

جلسہ سالانہ آسٹریلیا ۲۰۲۴ء کے تیسرے روز تقسیمِ ایوارڈز کے موقع پر احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ایسوسی ایشن کے صدر مکرم ڈاکٹر عطاءالرحمان صاحب کو اعزاز سے نوازا گیا۔

احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی براہِ راست راہنمائی اور نگرانی میں دنیا بھر میں انسانیت کی ہمہ جہت خدمات انجام دے رہی ہے جن میں خاص طور پر ایشیا، افریقہ، مشرقِ بعید اور شمالی امریکہ وغیرہ کے ممالک شامل ہیں۔ اس کی خدمات میں ہسپتالوں کی تعمیر، طبی آلات کی فراہمی، ٹیلی ہیلتھ کلینکس کا انعقاد، دنیا بھر میں مریضوں کے لیے مفت ادویات کی فراہمی اور جان بچانے والی سرجریز کا انتظام وغیرہ شامل ہے۔ ایسوسی ایشن کے تعاون سے حال ہی میں سینیگال اور گیمبیا میں دو کارڈیالوجی سینٹرزکا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ نیز ایسے ممالک جہاں احمدی پناہ گزین قیام پذیر ہیں ان کے لیے گذشتہ قریبا ًآٹھ سال سے علاج اور خوراک کا بھی بندوبست احسن طریقے سے کر رہی ہے۔

ایسوسی ایشن کے ممبران میں ۱۲۰؍سے زائد پُر خلوص مرد و خواتین ڈاکٹرز شامل ہیں جو گاہے بگاہے مختلف ممالک میں وقفِ عارضی کے ذریعہ خدمات انجام دے رہے ہیں جن میں سولومن آئی لینڈ، پاکستان، ملائیشیا، تھائی لینڈ، گیمبیا اور سینیگال سرِ فہرست ہیں۔

احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی ہمہ جہت خدمات کو حضورِانور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ان الفاظ میں سراہا: ’’الحمدللہ آپ نے قریباً گیارہ ممالک میں غیر معمولی خدمت کا موقع پایا ہے جن میں بالخصوص ملائیشیا، سینیگال، تھائی لینڈ، سولومن آئی لینڈ اور پاکستان شامل ہیں۔ آپ کی قابلِ ستائش اور پُرخلوص کاوشیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنی ان نیک خدمات کو تمام مستحقین کے لیے جاری رکھیں گے۔ اللہ کرے کہ آپ انسانیت کی بھر پور خدمت کی توفیق پائیں۔‘‘

اللہ تعالیٰ احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کو ہمارے پیارے آقا کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے اوربہترین مقبول خدمتِ انسانیت کا موقع عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: امجد محمود خان۔ نیشنل سیکرٹری امور عامہ آسٹریلیا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button