افریقہ (رپورٹس)

فری آئی (کیٹاریکٹ )آپریشنز ،برکینا فاسو

(محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینا فاسو)

مرا مقصود و مطلوب وتمنا خدمت خلق است

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو اللہ کے فضل سے خدمت انسانیت کے میدان میں غیر معمولی خدمت کی توفیق عطا ہورہی ہے اور یہ خدمت جماعت کی مختلف فلاحی تنظیموں کی مدد مثلاً ہیومینٹی فرسٹ،آئی اے اے اے ای اور مختلف ذیلی تنظیموں کے پراجیکٹ کی شکل میں کہیں ماڈل ویلج کی تیاری کے ذریعہ تو کہیں واٹر سولر پمپ اور پانی کے حصول کے انتظام کے لیےبور ہول کرکے اور کہیں شعبہ صحت میں اس ملک کی تعمیر و ترقی میں ایک بڑا ہسپتال اور درجنوں ہومیو پیتھک ڈسپنسریوں کے ذریعہ ان گنت لوگوں کے لیے صحت جیسی انمول نعمت کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔

اسی صحت کے شعبہ میں ایک گراں قدر حصہ جو کہ ہر سال جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی طرف سے اس ملک کے غریب اور پسماندہ عوام کو ایک الٰہی تحفہ کی شکل میں دیا جاتا ہے وہ با قاعدہ اور مسلسل منعقد ہونے والےکیٹاریکٹ( آنکھوں کی بیماری) کے مفت آپریشن کا کیمپ ہے اس کے ذریعہ سے عوام کو ظاہری بصارت کی نعمت ملتی ہے اور جماعت اپنا اولین فرض جو کہ دین اسلام اور حضرت مسیح موعود ؑ کے مشن کو پھیلا کر باقی دنیا کی طرح اس ملک کے لوگوں کو روحانی بصیرت سے بھی مالا مال کرنے کی توفیق پارہی ہے الحمدللہ۔

اسی سلسلہ کی ایک کڑی بورکینا فاسو کے ریجن بورومو میں 12 تا 17 نومبر 2019ء ایک میڈیکل کیمپ زیر انتظام ہیومینٹی فرسٹ برکینا فاسو منعقد ہوا۔ اس فری آئی آپریشن کیمپ میں جماعت احمدیہ برکینافاسو کی طرف سے 6 ڈاکٹرزکی ایک ٹیم ، جماعت کا ایک موبائل آپریشن تھیٹر اور ہیومینٹی فرسٹ کے 15رضاکاران کی ایک ٹیم نے حصہ لیا۔

لوگوں کو آگاہی دلانے کے لیے مختلف ذرائع ابلاغ مثلاریڈیو ،لاؤڈ سپیکراور سوشل میڈیا میں اشتہار و اعلانات کے ذریعہ سے تشہیر کی گئی ایک اور یہاں کا روایتی ذریعہ یعنی ڈھنڈورا پیٹ کر گلیوں میں جا جا کر اعلانات بھی کروائے گئے۔ آپریشنز سے قبل تمام مریضوں کی فہرستیں تیار کی گئیں۔ٹیم کے وہاں پہنچنے پر 384 مریضوں کے معائنہ کے بعد 125 مریضوں کو آپریشنز کے لیے منتخب کیا گیا۔ اور اللہ کے فضل سے ان تمام کے آپریشن کامیاب رہے۔الحمدللہ

17؍نومبر کو ریجنل مشنری صاحب کی رہائش پر ایک اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈاکٹرزاوررضاکاران کے علاوہ شہر کی انتظامیہ اور اتھارٹیز کے لیے ایک ڈنر کا انتظام کیا گیا تھا۔امیر صاحب برکینا فاسو مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب اور چیئر مین ہیومینٹی فرسٹ برکینا فاسو کے علاوہ اس میں میئر کے نمائندہ، ہیڈ آف آرمی،prefe ction،کمیشنر ،چیئرمین آف دی سٹی ،لوکل چیف وغیرہ نے بھی اس تقریب میں شرکت کی ۔

چیئر مین صاحب ہیومینٹی فرسٹ نے ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف کروایا اوراس کے تحت ہونے والی فلاحی خدمات کا بھی تعارف پیش کیا ۔ اس کے بعد میئر کے نمائندہ نے خطاب کیا اور ہیومینٹی فرسٹ کے کاموں کو خوب سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

پروگرام کے آخر پر مکرم امیر صاحب نے تمام ڈاکٹرز،رضاکاران،اتھارٹیز اور لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کےساتھ اس کا اختتام ہوا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button