خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…سعودی عرب کی حکومت نے مکہ مکرمہ میں اجازت نامے کے بغیرداخلے پرتاحکم ثانی پابندی عائد کردی۔ سعودی محکمہ امن وامان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کا مکہ مکرمہ داخلے پر پابندی کا نفاذ شروع ہو چکا ہے۔ صرف ان غیر ملکیوں کو مکہ مکرمہ داخلے کی اجازت ہوگی جن کے پاس عمرہ یا حج اجازت نامے، متعلقہ اداروں سے جاری ہونے والا اجازت نامہ ہوں گے، وہ مکہ مکرمہ میں ملازمت کرتے ہیں یا پھر ان کا اقامہ مکہ مکرمہ محکمہ پاسپورٹ سے جاری شدہ ہے انہیں داخلے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ داخلے پرپابندی رواں سال حج کے انتظامات کے سلسلے میں لگائی گئی ہے۔ سعودی عرب کے قوانین کے مطابق حج کے ایام میں کسی بھی سعودی شہری یا وہاں مقیم غیرملکی کوبغیراجازت نامے کے مکہ مکرمہ اوردیگرمقامات مقدسہ پرجانے کی اجازت نہیں ہوتی۔
٭…سعودی عرب نےتمام وزٹ ویزا ہولڈرز کے 4شہروں جدہ، مدینہ منورہ، ینبع اور طائف کے سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ پابندی حج سیزن کے باعث 9؍جون سے 9؍جولائی تک عائد رہے گی۔ وزٹ ویزا ہولڈرز ریاض اور دمام ایئرپورٹ سے سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں۔
٭…سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج برائے سال 2022ء کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری اور پالیسی گائیڈ لائن جاری کردی ہے۔ جس میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر اس سال حج کے لیے پابندی کے علاوہ عازمین حج کے لیے سعودی وزارت صحت کی جانب سے منظور کردہ کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہے۔نیز سعودی عرب سفر کرنے سے 48گھنٹے قبل عازمین حج کو منفی کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا ۔
٭…امریکی جریدے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو آگاہ کر دیا ہے کہ گذشتہ ہفتے ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک کرنل کی ہلاکت کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے۔ کرنل صیاد خدائی کو اتوار کے روز موٹر سائیکل سوار مسلح شخص نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جب وہ تہران میں اپنے گھر کے باہر کھڑی کار میں سوار تھے۔
٭…امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے ایران سے خلیج فارس میں پکڑے گئے 2یونانی آئل ٹینکرز فوراً چھوڑنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران پکڑے گئے 2یونانی بحری جہازوں کو ان کے عملے کے ساتھ فوری طور پر رہا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے علاقائی، عالمی سلامتی کے لیے خطرات ناقابل قبول ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نےگذشتہ ہفتے خلیج فارس میں 2 یونانی آئل ٹینکرز عملے سمیت پکڑ لیے تھے۔جس سے قبل یونان میں ایرانی آئل ٹینکر پکڑے جانے کا واقعہ بھی ہوا تھا اور ایران نے جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
٭…یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے یورپی یونین کی جانب سے روس پر عائد کی گئی نئی پابندیوں کا خیر مقدم کیا ہے لیکن ساتھ ہی یورپی بلاک کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کرنے کے پانچویں اور چھٹے دَور کے درمیان 50 دن سے زیادہ کا وقفہ ہونے پر تنقید بھی کی۔ انہوں نے منگل کو کیف میں سلواکیہ کی وزیر اعظم زوزانا کیپوٹووا کے ساتھ مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے پانچویں دَور کو 50 دن سے زیادہ ہو چکے ہیں، روس پر نئی پابندیاں لگانے میں اتنی تاخیر ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔
خیال رہے کہ یورپی یونین نے روس پر معاشی پابندیوں کو وسعت دیتے ہوئے اس کے90فیصد خام تیل کی درآمدات پر پابندی لگانے اور روس کے اہم بینک کوسوئفٹ فنانشل سسٹم سےنکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب یورپین کونسل کے چیف چارلس مچل کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے فوری طور پر پابندی کے نئے معاہدے کا روس کی دو تہائی خام تیل درآمدات پر اطلاق ہو گا تاکہ روس پر جنگ کے خاتمے کے لیے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جائے۔ رکن ممالک کی جانب سے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کے بعد چارلس مچل نے یہ اعلان بھی کیا کہ معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے جنگ زدہ یوکرین کو 9 ارب یورو کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
٭…روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ار آئی اے نووستی نے جنوب مشرقی یوکرین کے شہر میلیٹوپول سے روسی پاسپورٹ کےحصول کے لیے درخواست دینے والے یوکرینی باشندوں کی فوٹیج جاری کردی ہے۔ روسی ایجنسی نے بتایا کہ فوٹیج میں جولوگ قطاروں میں کھڑےنظر آرہے ہیں یہ میلیٹوپول کے وہ رہائشی ہیں جوکہ روسی شہریت کے حصول کے لیے درخواست دینے کے لیے جمع ہیں۔
٭…یوکرین کی عدالت نےجنگی قوانین کی خلاف ورزی پر 2روسی فوجیوں کو 11سال قید کی سزا سنائی ہے۔ یوکرین کی کوٹیلیفسکا ڈسٹرکٹ کورٹ میں الیگزینڈر بوبیکن اور الیگزینڈر ایوانوف نامی جن دو روسی فوجیوں نے سزا کا فیصلہ سنا۔ انہوں نے گذشتہ ہفتے اپنےجرم کا اعتراف کیا تھا۔ دونوں روسی فوجیوں کو 2دیہاتوں میں فائرنگ کےالزام میں سزا سنائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ یوکرینی عدالت نے گذشتہ ہفتے ایک روسی فوجی سارجنٹ وادیم شیسمارین کو نہتے شہری کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
٭…ترک صدر رجب طیب اردوان نے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے فون پر یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ترک صدرنے کہا ہے کہ ثالثی سمیت درکار تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یوکرین اور روس کے درمیان مذاکرات کو جاری رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔یوکرین کی زرعی مصنوعات کی برآمد کے لیے محفوظ سمندری راہداری بنانے کے منصوبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
٭…امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ملک میں ہینڈ گن کی ملکیت پر پابندی لگا تے ہوئے ہینڈ گن رکھنے پر پابندی کے لیے قانون متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔انہوں نے کہا اسلحے کے استعمال اور پرتشدد واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، اس پیچیدہ مسئلہ کا حل یہی ہےکہ ہتھیار جتنے کم ہوں گے ہر شخص اتنا ہی محفوظ ہوگا۔
قانون منظور ہونے کی صورت میں کینیڈا میں کہیں بھی ہینڈ گن خریدنا، بیچنا، منتقل یا درآمد کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ بل کو پارلیمنٹ سے منظور کرانا لازمی ہے۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 19کمسن بچے اور 2 ٹیچرز ہلاک ہوئے تھے۔
٭…بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قومی ترجمان نوپور شرما نے جمعے کو نشریاتی ادارے ’ٹائمز ناؤ‘پر گیان واپی مسجد پر ہونے والے ایک مباحثے میں مبینہ طور پر قرآن کریم اور پیغمبرِ اسلام ﷺکی شان میں گستاخی کی اور ہتک آمیز الفاظ کہے۔ پولیس نے ممبئی کی ایک تنظیم رضا اکیڈمی کی شکایت پر نوپور شرما کے خلاف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور دو فرقوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنے سے متعلق دفعات 295 اے، 153 اے اور تعزیرات ہند کی دفعہ 505 بی کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ جب کہ ’ٹائمز ناؤ‘ نے خود کو اس تبصرے سے الگ کر لیا ہے۔
ایک ویب سائٹ ’آلٹ نیوز‘ کے شریک بانی اور صحافی محمد زبیر نے نوپور شرما کے بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔ سوشل میڈیا پر نوپور شرما کے خلاف بیانات کا سلسلہ شروع ہو گیا اور صارفین ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے لگے۔متعدد صارفین نے انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب نوپور شرما نے الزام عائد کیا کہ زبیر نے ایڈٹ شدہ ویڈیو پوسٹ کی ہے۔ اگر ان کے یا ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کچھ بھی ہوتا ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری زبیر پر عائد ہوگی۔نوپور شرما نے قتل اور ریپ کی دھمکیوں سے متعلق کچھ ٹوئٹس کے اسکرین شاٹس پوسٹ کیے جس کے بعد دہلی پولیس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے اور آپ (نوپور شرما) سے جلد ہی رابطہ قائم کیا جائے گا۔
٭…بھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت نے غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ان کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دے کر سزا سنادی ۔عدالت کے خصوصی جج پروین سنگھ نے حکام کو یاسین ملک کی مالی حالت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی تاکہ ان پر عائد کیے جانے والے جرمانے کی رقم کا تعین کیا جاسکے۔ عدالت نے عمر قید کی سزا سناتے ہوئے ان پر 10 لاکھ بھارتی روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔ جبکہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی درخواست کی تھی تاہم نئی دہلی کی این آئی اے عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں عمر قید کی سزا سنائی۔
حریت پسند راہنما یاسین ملک کو بھارت کی بدنامِ زمانہ تہاڑ جیل کے علیحدہ سیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ تہاڑ جیل کے حکام نے یاسین ملک کی والدہ اور بہن کو ملاقات سے روک دیا۔جیل میں یاسین ملک کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
٭…پوپ فرانسس نے سانتا ماریا میگیور کے روم باسیلیکا کا دورہ کیا اور جہاں یوکرین اور دیگر جنگ زدہ ممالک میں قیامِ امن کے لیے ایک بین الاقوامی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس بین الاقوامی دعائیہ تقریب کی قیادت کرنے کے لیے پوپ فرانسس نے اپنی وہیل چیئر پر ایک مجسمے ’میری کوئین آف پیس‘ کے سامنے بیٹھ کر دعا کی جسے رومی روایتی طور پر امن کی علامت سمجھتے ہیں۔
اس دعائیہ تقریب میں یوکرین، عراق، شام اور دیگر جنگ زدہ ممالک کی عبادت گاہوں سے دنیا میں قیامِ امن کے لیے دعا گو افراد کو ویڈیو لنک کے ذریعے شامل کیا گیا اور دنیا بھر کی کیتھولکس مسیحی برادری کو ایک ہی وقت میں ساتھ عبادت کرنے کو کہا گیا۔
اس تقریب میں تقریباً 1؍ہزار افراد نے شرکت کی، جن میں ویٹیکن میں موجود یوکرین کے سفیر اور یوکرینی پرچم کے نیلے اور پیلے رنگوں والے لباس میں ملبوس بہت سے لوگ شامل تھے۔
پوپ فرانسس کچھ عرصے سے گھٹنے کے درد میں مبتلا ہیں اور گذشتہ چند ہفتوں سے وہیل چیئر استعمال کر رہے ہیں۔
٭…2؍جون کے دن ملکہ الزبتھ دوئم کی تخت نشینی کو 70سال مکمل ہونے پر برطانیہ میں 4روزہ جشن منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔برطانوی شہری ملکہ الزبتھ کی تخت نشینی کا 70سالہ جشن منانے کے لیے بےحد پُرجوش ہیں۔لندن میں تحفے تحائف کی دکانوں پر شاہی طرز کے مصنوعی نوادرات اور برتنوں کی قلت ہوگئی ہے۔
6؍فروری 1952ء کو اپنے والد جارج ہشتم کی وفات کے بعد تخت سنبھالنے والی الزبتھ ملک میں استحکام کی علامت بن کر اُبھریں۔اس زمانے میں کئی ممالک سلطنت برطانیہ سے آزادی حاصل کر رہے تھے اور سرکار ان شرائط و ضوابط پر کام کر رہی تھی جن کے تحت نئے ممالک کو سلطنت برطانیہ سے علیحدہ کرنا تھا۔ملکہ الزبتھ نے اس عالمی سیاسی منظرنامے کی تبدیلی کے بعد دنیا کو کاغذ سے کمپیوٹرز پر منتقل ہونے کا وقت بھی دیکھا اور اب وہ زمانہ ہے کہ جب کروڑوں تارکین وطن کی وجہ سے برطانیہ ایک کثیر الثقافتی معاشرہ بن چکا ہے۔
٭…انتہائی دائیں بازو کے صیہونی لیڈر ایتامار بین گویر کی سربراہی میں یہودی آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔ اسرائیلی آباد کار پولیس کی بھاری نفری اورحفاظت میں مسجد اقصیٰ کے احاطے کے اندر داخل ہوئے اور اشتعال انگیز مارچ کی۔مسلمانوں نے اسرائیلی آباد کاروں کے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اشتعال انگیز دورے کی مخالفت میں شدید نعرے بازی کی۔صیہونی لیڈر کے ساتھ آنے والی پولیس نے بھی مسلمانوں پر تشدد کیا۔
٭…نیپال میں نجی کمپنی کا چھوٹا طیارہ اتوار کو پرواز کے کچھ دیر بعد لاپتہ ہوگیا تھا، جس میں 19مسافر اور عملے کے 3 ارکان سوار تھے۔ لاپتہ ہونے والے نجی ایئر لائن کے طیارے میں سوار تمام 22 افراد کی لاشیں مل گئیں ہیں۔ طیارے میں 13 نیپالی شہری، 4 بھارتی، 2 جرمن اور پائلٹ سمیت 3 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا۔ترجمان نیپالی فوج کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار طیارے کا بلیک باکس بھی مل گیا ہے۔