چیریٹی واک برائے امن
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے مجلس انصار اللہ کو تبلیغ کے نئے ذرائع اختیار کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ہدایت فرمائی کہ چیریٹی واک اور شہری انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہروں میں درخت لگائے جائیں ۔ اس کے لیے حضور انور نے چھوٹے چھوٹے شہروں اور گاؤں کو ترجیح دینے کی نصیحت کی ۔ چنانچہ تمام مجالس حضور انور ایدہ اللہ کی اس نصیحت پر عمل کرتے ہوئے ان دونوں سکیموں کو اپنے لائحہ عمل میں شامل کر چکی ہیں۔
مجلس انصار اللہ برطانیہ ہر سال ایک مرکزی اور چار ریجنل سطح پر چیریٹی واک برائے امن کا اہتمام کرتی ہے ۔ اپنی اس سکیم کو پُر کشش بنانے اور جلسہ سالانہ کے شاملین کو اپنی کاوشوں سے آگاہ کرنے اور لوگوں کو بابرکت سکیم میں متوجہ کرنے کے لیے جلسہ سالانہ برطانیہ کے موقع پر خوبصورت نمائش کا اہتمام کیا تھا ۔ جس میں اب تک منعقد ہونے والی چیریٹی واک کی تفاصیل تصویری خبر نامہ اور چیریٹی کے نتیجہ میں حاصل ہونے والے ثمرات کی تفصیل کو انتہائی دیدہ زیب طریق پر پیش کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس چیریٹی واک سے مجلس انصار اللہ کو ایک ملین سے زائد پاؤنڈز کی آمد ہوتی ہے جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کے فیصلہ کے مطابق چھوٹی چھوٹی چیریٹی تنظیموں میں تقسیم کر دی جاتی ہے ۔ برطانیہ کی 260چیریٹی تنظیمیں مجلس انصار اللہ برطانیہ کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔
(رپورٹ: عرفان احمد خان)