کونگو برازاویل میں عید الاضحیٰ
الحمدللہ جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کو 9؍جولائی 2022ء کو عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منانے کی توفیق ملی۔ ملک کے طول و عرض میں جماعت کے 16 سینٹرز میں نماز عید ادا کی گئی جن میں چند ایک درج ذیل ہیں:
Brazzaville PK45,Gamboma, Itali,Engankou, Ouesso, Pointe Noire, Nkayi,Kiossi, Jean Desil اور Kimbimi۔
خطبہ عید میں حضرت ابراہیمؑ و حضرت اسمٰعیلؑ کی قربانی کا ذکر خیر کیا گیا اور قربانی کی حقیقت حضرت مسیح موعود ؑکی تصنیف خطبہ الہامیہ سے سمجھانے کی کوشش کی گئی۔ احباب جماعت کو بتایا گیا کہ ہماری حقیقی عید تو اس وقت ہوگی جب اسلام کو تمام ادیان پر غلبہ حاصل ہوگا۔ اور اس غلبہ کے لیے ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کی طرح قربانیاں دینا ہوں گی۔ قربانی کے بغیر کوئی قوم کی ترقی نہیں ہوسکتی۔
خطبہ عید کے بعد بفضلہ تعالیٰ اس کے حضور قربانیاں پیش کی گئیں۔ ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کی مدد سے 39 مقامات پر گائے اور بکروں کی قربانی کرنے کی توفیق ملی۔ اکثر مقامات پر احباب نے مل کر پکایا اور تمام مرد و زن مسلمان و عیسائی احباب نے مل کھایا۔ بڑے شہروں میں گوشت گھر گھر تقسیم کیا گیا۔ اور ملک کے سرکردہ افراد میں گوشت تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر ٹی وی کونگو کی ٹیم نے ہمارے مشن ہاوس برازاویل میں آکر عید کے حوالے سے انٹرویوز لیے جس کی جھلکیاں نیشنل ٹی وی کونگو پر دکھائی جائیں گی۔
عیسائی احباب نے جماعت کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں بھی ہر سال کی طرح امسال بھی اپنی خوشیوں میں شامل کیا گیا۔ اور جماعت احمدیہ کی طرف سے ہمیشہ ایسے اقدام اٹھائے جاتے ہیں جن سے مذاہب کے مابین دوریاں ختم ہو رہی ہیں۔ اور اس موقع پر اسلام کی اصل تصویر بھی ہمارے سامنے پیش کی جاتی ہے جو یقیناً دوسرے مسلمانوں کی پیش کردہ تصویر سے مختلف ہوتی ہے۔ برموقع عید 6826 افراد نے عید کے کھانے اور گوشت سے فائدہ اٹھایا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ساری دنیا کے احمدیوں کی طرف سے پیش کی جانے والی قربانیاں قبول فرمائے اور جس طرح پیارے آقا نے خطبہ عید میں قربانی کا مضمون پیش کیا ہم سب احمدیوں کو اس پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین