جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کی مختصر روئیداد
جلسہ سالانہ کاتیسرا دن7؍ اگست 2022ء بروز اتوار
(از جلسہ گاہ ،7؍ اگست 2022ء بروز اتوار، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) جلسہ سالانہ کے تیسرے دن کا آغاز صبح ساڑھے تین بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم میر انجم پرویز صاحب مربی سلسلہ عربی ڈیسک یوکے نے پڑھائی۔ فجر کی اذان مکرم خان فرید احمد صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے (درجہ ممہدہ) نے دی۔ صبح پونے پانچ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ گاہ میں نمازِ فجر پڑھائی جس کی پہلی رکعت میں سورۃ الکہف کی آیات 103تا 107 جبکہ دوسری رکعت میں 108تا111 تلاوت فرمائیں۔ نماز فجر کے بعد مکرم وسیم احمد فضل صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یو کے نے درسِ حدیث دیا۔
صبح ساڑھے سات بجے کھانے کی مارکی میں ناشتے کا انتظام کیا گیا تھا۔ ناشتے میںمہمانانِ کرام اور ڈیوٹی کنندگان کو چنے، روٹی، سیریل، بٹر، جیم اور ڈبل روٹی پیش کیے گئے۔ناشتہ کے ساتھ مہمانوں کے لیے مزیدار کشمیری چائے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔جلسےکے آخری دن مہمانوں کے ایک جم غفیر نے جلسہ گاہ کا رخ کیا ۔
جلسہ سالانہ کے تیسرےاجلاس کی صدارت کے فرائض مکرم و عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے سرانجام دیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور ترجمہ کے ساتھ ہواجو حافظ فضل ربی صاحب استاذ جامعہ احمدیہ یوکے نے پیش کیے۔ مکرم حفیظ احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا۔ پہلی تقریر مولانا فضل الرحمان ناصر صاحب مربی سلسلہ و استا ذ جامعہ احمدیہ یوکےنے اردو زبان میں بعنوان ’’عائلی زندگی میں میاں بیوی کو صبر اور برداشت کی عادت ڈالنے کی ضرورت ہے‘‘پیش کی۔اس کے بعد مکرم ایاز محمود خان صاحب مربی سلسلہ ایڈیشنل وکالت تصنیف یو کے نے انگریزی زبان میں بعنوان’’اطاعت خلافت کے حقیقی معنی اور اس کی برکات‘‘ پیش کی۔اس کے بعد رانا محمود الحسن صاحب مربی سلسلہ یوکے نے نظم پیش کی۔
اس اجلاس کی تیسری تقریر مولانا عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجدفضل لندن نے اردو زبان میں بعنوان’’مسیح و مہدی کی غرض احیادین اور قیام شریعت‘‘یش کی۔اس کے بعد مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یو کےنے انگریزی زبان میں ’’اسلامی حکومت کے قیام کے سلسلہ میں حکمرانوں کے لیے حضورﷺ کی نصائح‘‘ کے عنوان سے تقریر کی۔
اس کے بعد عالمی بیعت کی تیاریوںکا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس موقع پر مولانا عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجدفضل لندن نے ہدایات دیں۔ایک بج کر دس منٹ پر حضور پُر نور کا قافلہ ٹی وی سکرین پر نمودار ہوا۔ مسیح محمدی کے غلام اس لمحہ کا گزشتہ تین برسوں سے انتظار کر رہے تھے کہ کب انہیں اپنے آقا کے ہاتھ پر تجدید بیعت کرنے کا موقع ملے گا۔حضور انور نے پہلے بیعت کے الفاظ انگریزی اور دوسری بار اردو میں دہرائے اور پھر اجتماعی دعا کروائی۔ بعد ازاں حضورِ انور نے نماز ظہر و عصر جمع کر کےپڑھائیں۔
نمازوں کی ادائیگی کے بعد کھانے کی مارکی میں کھانے کا انتظام کیا گیا، کھانے میں آلو گوشت اور روٹی پلانٹ کی لذیذ روٹی سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ گرمی کی شدت کے باعث شاملین جلسہ جماعتی سٹالز سے آم کا ملک شیک بھی پیتے رہے۔
جلسہ سالانہ کے آخری اجلاس سے قبل معززین کے پیغامات پیش کیے گئے۔ مکرم رفیق احمدحیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی صدارت میں یہ نشست ہوئی جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس نشست میں جلسہ کے حوالے سے معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار ویڈیو پیغامات کی صورت میں کیا۔ کووڈ۔19کے باعث مہمان چونکہ تشریف نہ لا سکے اس لیے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے معززین کی طرف سے ویڈیو پیغامات موصول ہوئے جن کو جلسہ گاہ میں موجود بڑی سکرین پر چلایا گیا۔
جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس کا باقاعدہ آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی آمد سے ہوا۔ حضورانور کا قافلہ ایم ٹی اے کی سکرین پر چار بج کر چودہ منٹ پر نمودار ہوا۔چاربج کر پندرہ منٹ پر حضورانور جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے۔ اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم عبد المومن طاہر صاحب مربی سلسلہ عربی ڈیسک یوکے نے تلاوت اور ترجمہ پیش کیا۔اس کےبعد مفلح عودہ صاحب نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا اردومنظوم کلام مصور احمد صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے افراد کے نام پڑھے گئے جس کے بعد حضور انور نے بنیادی حقوق کے بارہ میں نہایت بصیرت افروز خطاب فرمایا۔حضورِ انور کا خطاب چھ بج کر آٹھ منٹ پر اختتام پذیر ہوا جس کے بعد حضورِ انور نے جلسہ سالانہ کی اختتامی دعا کروائی۔ بعد ازاں پیارے حضور کی خدمت میں عشاقانِ خلافتِ احمدیہ نے مختلف گروپس کی صورت میں مختلف زبانوں اور ثقافتوں کی نمائندگی میں عقیدت و محبت کے ترانے پیش کیے۔ اس کے کچھ دیر بعد حضورِ انور جلسہ گاہ سے تشریف لے گئے اور جلسہ سالانہ اپنی تمام تر برکات و فیوض کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
آج نمازِ مغرب و عشاء حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک اسلام آباد میں پڑھائیں۔
احبابِ جماعت احمدیہ عالمگیر کو جلسہ سالانہ برطانیہ 2022ء بہت بہت مبارک ہو۔