جماعت احمدیہ ساؤتھ افریقہ کے ۵۶ویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ساؤتھ افریقہ کو کورونا وبا کے بعد اپنا چھپنواں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمد للہ علیٰ ذالک
مورخہ ۲۸؍ اپریل ۲۰۲۳ء کو نماز تہجد اور فجر کے بعد قرآن کریم کے درس سے جلسہ کا آغاز ہوا اور تینوں دن اس کا التزام رہا۔ خطبہ جمعہ مکرم محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج گھانا نے دیا اور نماز پڑھائی جس کے بعد حاضرین نے حضور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کا خطبہ پروجیکٹر پر دیکھا اور سنا۔ افتتاحی اجلاس سے پہلے پرچم کشائی کی تقریب کے بعد مکرم امیر صاحب گھانا نے دعا کروائی۔
افتتاحی تقریب کا آغاز کمال ایلم صاحب صدر جماعت ویسٹرن کیپ سرکٹ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور عربی قصیدہ کے ساتھ ہوا۔ جس کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ) نے افتتاحی تقریر ’’ایمان اور اعتقاد کی اہمیت اور اسے مضبوطی سے پکڑے رکھنے کی اہمیت و ضرورت‘‘ کے عنوان سے کی اور دعا کروائی۔
نظم کے بعد عبداللہ اوپوکو صاحب نے ’’اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑو ‘‘ کے موضوع پر انگریزی تقریر کی۔
امسال جلسہ کی کارروائی یوٹیوب اور زوم ایپ کے ذریعہ ملک کی دیگر جماعتوں کے ساتھ ساتھ چند دیگر ملکوں بالخصوص گھانا میں بھی دیکھی گئی۔ یو ٹیوب پر دیکھنے والوں کی تعداد ۸۹۰ سے زائد رہی۔
امسال لجنہ اماءاللہ ساؤتھ افریقہ نے اپنی صد سالہ جوبلی کے موقع پر ایک خصوصی اجلاس رکھا تھا جس میں مکرم امیر صاحب گھانا نے لجنہ اماءاللہ سے تقریر کرتے ہوئے صدسالہ جوبلی کی مناسبت سے عمومی طور پر لجنہ ممبرات کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
امسال بھی علمی میدان میں ڈپلومہ اور ڈگری حاصل کرنے والوں کو سندات اور کتب کے تحائف سے نوازا گیا۔مکرم امیر صاحب گھانا نے خدام اور بعض انصار میں تعلیمی ایوارڈ تقسیم کیے۔ جبکہ لجنہ اماءاللہ کی طرف صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے تعلیمی ایوارڈ تقسیم کیے۔
مکرم امیر صاحب گھانا نے جلسہ پر آئے ہوئے خدام کے ساتھ ایک نشست میں تنظیم بندی اور خدام الاحمدیہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ان کے سوالات کے جواب بھی دیے۔
(رپورٹ: منصور احمد زاہد۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)