جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ میں نیشنل سیمینار برائے صدران و سیکرٹریان کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کےفضل وکرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۲۶؍اپریل۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک بمقام مہدی آباد،آبی جان، ملک بھر کی جماعتوں کے صدران، جنرل سیکرٹریان نیز سیکرٹریان مال کےپہلے سالانہ نیشنل سیمینار نیز ریفریشر کورس کے انعقاد کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس ریفریشر کورس کا انعقاد آئیوری کوسٹ کی سالانہ مجلس شوریٰ ۲۰۲۳ء کے دوران پیش کی گئی تجاویز کے تحت مقامی عہدیداران کے ریفریشر کورس کے انعقاد کے ضمن میں کیا گیا جس کے تحت انہیں ان کی ذمہ داریوں سے آگاہی فراہم کیا جانا اور شوریٰ کی تمام تجاویز کو مکمل طور پر اپنی اپنی جماعتوں میں لاگو کرنا مقصود تھا۔
ریفریشر کورس کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے براہ راست خطبہ جمعہ نیز مقامی خطبہ جمعہ اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد سہ پہر تین بجے عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور دعا کے بعدمرکزی موصولہ عہد برائے عہدیداران دہرایا گیا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اس ریفریشر کورس کے مقصد سے سب شاملین کو آگاہ کیا اور سب کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد تمام شاملین کے سوالات کے جواب دیے گئے۔
بعد ازاں کیما عمر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے لوکل صدران جماعت کے لیے بنایا گیا رپورٹ فارم سب شاملین کو پیش کیا اور اس کی تفاصیل سے سب کو آگاہ کیا اور صدران کو ہر ماہ باقاعدگی سے رپورٹس بھجوانے کی تاکید کی گئی ۔ اس دوران سوالات کے جواب بھی ساتھ ساتھ دیے گئے۔
ریفریشر کورس کے تیسرے اور آخری پروگرام، ریفریشر کورس برائے سیکرٹریان مال کے تحت وترا یحییٰ صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے جماعتی قواعد برائے شعبہ مال پیش کیے اور سیکرٹریان کو ان کی ذمہ داریوں اور فرائض سے آگاہ کیا اور چندہ جات کی تفصیل سے آگاہ کیا اور سیکرٹریان جماعت کو اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ ممبران جماعت کو بھی چندہ جات کی تمام تحریکات سے آگاہی فراہم کریں نیز لازمی چندہ جات کی ادائیگی کی طرف تمام ممبران کو خصوصی توجہ دلائیں جس کے بعد سوال و جواب کا اجلاس ہوا۔ مکرم امیر صاحب نےاختتامی دعاکروائی۔
نمازوں کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)